ارشد پپو قتل: عزیر بلوچ اقبالی بیان سے مکرگیا

اعجاز امتیاز

لیاری گینگ وار کا سرغنہ عزیر بلوچ کراچی کی خصوصی عدالت میں ارشد پپو قتل کیس کی سماعت کے دوران اقبالی بیان سے مکر گیا۔

انسداد دہشت گردی عدالت میں ارشد پپو قتل کیس کی سماعت کے دوران رینجرز پراسیکیوٹر نے ملزم کا اعترافی بیان کیس کا حصہ بنانے کی اپیل کی، عدالت نے عزیر بلوچ سے پوچھا کیا اعترافی بیان کی کاپی کیس کا حصہ بنادی جائے ؟ اس پر عزیربلوچ نے کہا کہ اس کا اعترافی بیان ریکارڈ نہیں ہوا۔

عدالت نے کہا کہ جج کے سامنے اعترافی بیان ریکارڈ ہوا تھا اس پر تمہارے دستخط بھی ہیں، کل کیس کے ٹرائل سے بھی مکر جاؤ گے کہ کوئی ٹرائل نہیں ہوا۔

دوران سماعت عدالت نے لندن میں مقیم ملزم حبیب جان اور دیگر ملزمان استاد تاجو ، یاسر پٹھان، ثاقب باکسر، جواد لنگڑا ، حمید لالا اورنگی ، شاہد مکس پتی ، شیراز کامریڈ ، زاہد لاڈلا، آصف مٹھل اور شبیر احمد کو اشتہاری قرار دے دیا، جج نے پولیس مقابلے میں ہلاک بابا لاڈلا سے متعلق رپورٹ 25 جولائی کو طلب کرلی ، ملزمان پر آئندہ سماعت پر ترمیمی فرد جرم عائد کی جائے گی۔

ٹرینڈنگ

مینو