کراچی : آندھی اور حادثات ، 5 اموات، ویڈیو

کراچی میں آندھی اور گرد آلود ہواؤں سے کئی گھروں کی چھتیں اور دیواریں گر گئیں ، حادثات میں خاتون سمیت 5 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے۔ سرجانی ٹاون میں آگ لگنے سے 75 بھینسیں ہلاک ہوگئیں۔

54 سے 75 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی آندھی کے دوران حد نگاہ ایک کلومیٹر رہ گئی، اس دوران چھتیں ، دیواریں اور درخت گرنے سے گلستان جوہر بلاک 13 میں 15 سالہ نوجوان فرحان، گلشن معمار کے فقیر گوٹھ میں 42 سالہ سعید، سعدی ٹاون بلاک 5 میں 60 برس کی ضمیرہ خاتون اور سرجانی ٹاؤن کے لیاری تیسر ٹاؤن میں 45 سالہ وسیم جاں بحق ہوا۔

سپرہائی وے ناگوری اسٹاپ پر سائن بورڈ گر گیا، واقعے میں 22 سالہ فیصل کی جان گئی، لیاری تیسر ٹاؤن ، اورنگی ٹاؤن ، منگھوپیر ، قصبہ کالونی ، پہاڑ گنج ، قائد آباد ، نارتھ کراچی ، گڈاپ اور ملیر میں حادثات ہوئے اور ایک درجن بھر سے زائد شہری زخمی ہوئے۔

سرجانی ٹاؤن سیکٹر 9 میں آگ نے درجنوں باڑوں کو خاک کردیا، آتشزدگی سے 6 درجن سے زائد بھینسیں ہلاک اور کئی جھلس گئیں۔

باڑوں کے مالکان نے بتایا کہ فائر بریگیڈ کا عملہ اس وقت پہنچا جب آگ بجھ چکی تھی، انھوں نے حکومت سے نقصان کی تلافی کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

گلشن اقبال، گلستان جوہر ، فیڈرل بی ایریا ، لیاقت آباد ، شاہ فیصل کالونی ، اورنگی اور نارتھ کراچی سمیت مختلف علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی، کئی علاقوں میں کے الیکٹرک نے خود بجلی بند کی اور کئی مقامات پر تار ٹوٹنے سے فراہمی معطل ہوئی۔

ٹرینڈنگ

مینو