جیدی سے پریشان اطہر شاہ خان کا انتقال، ویڈیو

ٹی وی ڈرامے کے جیدی اور ادب کی دنیا کے اطہر شاہ خان انتقال کرگئے۔

ڈرامہ نگار ، اداکار اور شاعر اطہر شاہ خان فالج ، شوگر اور گردوں کے مرض میں مبتلا تھے ، انھوں نے اہلیہ اور 4 بیٹے سوگوار چھوڑے ہیں۔

1943 میں بھارتی شہر رام پور میں پیدا ہونے والے اطہر شاہ خان انتظار فرمایئے میں کردار کے بعد جیدی مشہور ہوئے۔

انھوں نے ڈرامہ سیریل انتظار فرمایئے کا اسکرپٹ لکھ کر پی ٹی وی کو دے دیا تھا لیکن جیدی کا کردار ادا کرنے کیلئے ان کا انتخاب ممتاز براڈ کاسٹر آغا ناصر کے مشورے پر کیا گیا۔ الفاظ کی ادائیگی کا انداز جیدی کی پہچان بنا اور ایسی چھاپ لگی جسے وہ خود بھی نہ اتار سکے۔

Hello Hello – Jedi – Ather Shah Khan

Posted by Ather Shah Khan Jedi on Tuesday, May 5, 2015

لاکھوں میں تین ، جانے دو ، برگر فیملی، آشیانہ ، آپ جناب ، ہیلو ہیلو، جیدی ان ٹربل ، پرابلم ہاوس، ہائے جیدی ، کیسے کیسے خواب اور باادب باملاحضہ ہوشیار ان کے بہترین ڈرامے ہیں، ان کا تحریر کردہ ڈرامہ تھانہ بھی بہت مشہور ہوا ، اس میں ہوٹل کا مالک انھیں جگو بدمعاش سمجھ لیتا ہے اور پھر جیدی کی لاجواب اداکاری شروع ہوجاتی ہے۔

Thana – Jaidi – By Ather Shah Khan

Posted by Ather Shah Khan Jedi on Tuesday, May 5, 2015

جیدی اس دور کے مزاحیہ اداکار تھے جب اداکاری میں جگت بازی اور پھکڑ پن شامل نہیں ہوا تھا، ٹیلی وژن کے اس ابتدائی ڈرامہ نگار اور اداکار کو 2001 میں پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اطہر شاہ خان نے سنجیدہ شاعری بھی کی لیکن مشاعروں میں ان سے اصرار کرکے مزاحیہ کلام سنا جاتا تھا۔

اطہر شاہ خان خود کو شاعر کے طور پر منوانا چاہتے لیکن جیدی کے کردار سے جان نہ چھڑا سکے ، انھوں نے ریڈیو کیلئے 750 ڈرامے اور ٹی وی کیلئے 300 اسکرپٹ لکھے ، اطہر شاہ خان کہتے تھے انھوں نے ازار بند ڈالنے کے بجائے قلم سے لکھنے کا کام کیا ہے۔ وہ آخری دنوں میں گوشہ نشین ہوگئے تھے اور انھوں نے بیماری سے پہلے ہی ادبی تقریب اور ثقافتی سرگرمیوں میں جانا چھوڑ دیا تھا۔

ٹرینڈنگ

مینو