برطانیہ: پاکستانی گلوکارہ نے جھنڈا گاڑ دیا

برٹش پاکستانی کمسن گلوکارہ شیریں جہانگیر نے بریٹن گاٹ ٹیلنٹ پروگرام میں کامیابی کے جھنڈے گاڑھ دیئے۔

شیریں جہانگیر نے شرکا اور ججز کو بتایا کہ وہ کبھی دنیا دیکھ سکتی تھی اور اب میوزک ہی اس کا واحد وژن ہے جس سے وہ بے حد پیار کرتی ہے۔ بچی نے پیانو بجاتے ہوئے گیت گایا جو بے حد پسند کیا گیا۔

کم سن کی پرفارمنس کے وقت ہال لوگوں سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا اور ہر شخص اس کی آواز کے سحر میں گرفتار تھا۔

جج ڈیوڈ ویلیمز نے شیریں کو بتایا کہ اس وقت پورا ہال تمھیں سراہنے کیلئے کھڑا ہے۔

ساتھی جج ایلیشیا ڈکسن نے کہا کہ شیریں تم بے حد خوبصورت ہو اور دلوں کو چھونے والی تمہاری پرفارمنس نے سب کو حیران کردیا ہے، تمھارا نروس ہونا فطری ہے کیونکہ یہ اتنا بڑا پلیٹ فارم ہے اور تم نے بہترین گایا ہے۔

خاتون جج ایمنڈا ہولڈن نے بچی کی شاندار پرفارمنس دیکھی تو ان کی آنکھوں میں آنسو امڈ آئے۔ انھوں نے شیریں کو روشن چہرہ قرار دیا۔

شیریں کی والدہ ، والد اور چھوٹے بھائی سمیت کئی افراد بھی آبدیدہ ہوگئے۔

جج سائمن کوول نے شیریں جہانگیر کو داد دیتے ہوئے کہا کہ وہ سب سے پہلے یس کہنا چاہیں گے اور پھر دیگر تینوں ججوں نے بھی یس کہہ کر بچی کی کلاکاری پر مہر لگادی۔

شیریں جہانگیر کی عمر 14 برس ہے۔ وہ 7 برس کی تھی تو بینائی کمزور ہونا شروع ہوگئی۔ علاج کے باوجود 9 برس کی عمر میں وہ نابینا ہوچکی تھی۔ بچی اپنے والدین کے ساتھ نارتھ لندن میں رہتی ہے۔

بچی ایک روز قزاقوں والا گیم کھیل رہی تھی اور جیسے ہی والدین نے اس کی ایک آنکھ کو چھپایا تو معلوم ہوا کہ دوسری آنکھ کی بینائی پہلے ہی جا چکی ہے ، جس آنکھ پر پردہ کیا گیا تھا وہ بھی قدرتی طورپر کمزور ہوچکی تھی۔

شیریں میں کچھ کر گزرنے کی جستجو تھی۔ یہی وجہ ہے کہ وہ اسکول میں بھی گیت گاتی تھی اور پھر مقابلوں میں حصہ لینا شروع کردیا۔

شیریں اطالوی لیجنڈ سنگر آندریا بوچیللی کی مداح ہے جو خود بھی نابینا ہیں۔ بچی نے بوچیلی سے اکتوبر 2018 میں ملاقات کی تھی جب وہ برطانیہ کی شہزادی یوجین کی شادی میں شرکت کیلئے آئے تھے۔

بوچیلی نے خود کم سن گلوکارہ سے ملاقات کی خواہش ظاہر کی تھی۔ شیریں کا کہنا تھا کہ ان کا آندریا بوچیللی سے فطری تعلق بن گیا تھا کیونکہ دونوں ہی ایک جیسے مسائل سے دوچار تھے۔ بوچیللی نے برٹش پاکستانی گلوکارہ کو ہدایت کی تھی کہ کبھی حوصلہ نہ ہارنا اور کبھی گانا بھی نہ چھوڑنا۔

شیریں جہانگیر وزیراعظم عمران خان کے 45 برس پرانے دوست صاحب زادہ جہانگیر کی پوتی ہیں۔ صاحب زادہ جہانگیر برطانیہ اور یورپ میں تجارت اور سرمایہ کاری کیلئے وزیراعظم کے ترجمان بھی ہیں۔

ٹرینڈنگ

مینو