پاک فوج دشمن کو بروقت جواب دینے کیلئے تیار

محمد عثمان

پاک فوج نے واضح کیا ہے کہ بھارت 5 کے بجائے 500 رافیل طیارے بھی خرید لے افواج پاکستان دشمن کو بروقت جواب دینے کیلئے تیار ہیں۔

راولپنڈی میں پریس کانفرنس کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ بھارت اسلحہ خریدنے والے ممالک میں سرفہرست ہے لیکن جنگیں اسلحے کے زور پر نہیں جیتی جاتیں، بھارت رافیل لے آئے یا ایس 400 ، افواج پاکستان دشمن کو جواب دینے کیلئے ہر وقت چوکس ہیں۔

پاک فوج کے ترجمان نے بتایا کہ کراچی اسٹاک ایکسچینج حملہ ہو یا چینی قونصل خانے پر حملہ، سب کے تانے بانے بھارت سے ملتے ہیں، حالیہ عالمی رپورٹ نے بھارت میں دہشت گرد گروپس کی نشاندہی کی ہے، بھارت نے اپنی ناکامیاں چھپانے کیلئے علاقائی امن داؤ پر لگادیا۔

میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ آزادی نعمت ہے اور اس کی قدر مقبوضہ کشمیر کی ماؤں سے پوچھیں، وہ بیٹوں کو پاکستانی پرچم میں لپیٹ کر دفن کرتی ہیں، بھارت باقاعدہ سازش کے تحت کشمیریوں پر ظلم کررہا ہے، مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں، اقوام متحدہ کے مبصر گروپ اور انٹرنیشنل میڈیا کو مقبوضہ کشمیر میں جانے کی اجازت نہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ حکومت نے مسئلہ کشمیر ہر عالمی فورم پر اٹھایا، ایک سال میں مسئلہ کشمر پر یو این سیکیورٹی کونسل کے 3 اجلاس ہوئے۔ انسانی حقوق کی تنظیموں اور انٹر نیشنل میڈیا نے بھی بھارتی ظلم کو بے نقاب کیا۔

انھوں نے کہا کہ بھارت نے کنٹرول لائن پر بھی معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا، 22 جولائی کو عالمی میڈیا نے آزاد کشمیر کا دورہ کیا، کنٹرول لائن کے قریب گھروں میں شلٹرز بنائے جارہے ہیں، آزاد کشمیر کے عوام کا تحفظ ہر صورت ممکن بنایا جائے گا۔

میجر جنرل بابر افتخار نے بتایا کہ بھارتی کمانڈر کلبھوشن کے معاملے پر ڈیل نہیں ہوگی ، وہ دہشت گرد ہے، قونصل رسائی بین الاقوامی تقاضے پورے کرنے کیلئے دی گئی۔

پاک فوج کے ترجمان نے بتایا کہ پاکستان کو سعودی عرب سے تعلقات پر فخر ہے ، سعودی عرب سے تعلقات بہترین ہیں اور رہیں گے، کسی کو مسلم دنیا میں سعودی عرب کی مرکزیت پر کوئی شبہ نہیں ہونا چاہئے۔ آرمی چیف کا دورہ سعودی عرب پہلے سے شیڈول تھا۔

ٹرینڈنگ

مینو