مطیع اللہ جان کا اسلام آباد سے اغوا ، ویڈیو

محمد عثمان

وزیراطلاعات شبلی فراز نے سینئر صحافی مطیع اللہ جان کے اسلام آباد سے اغوا کی تصدیق کردی ہے، سوشل میڈیا پر مطیع اللہ کے اغوا کی سی سی ٹی وی فوٹیج وائرل ہے لیکن پولیس نے اب تک اس کے اصلی ہونے کی تصدیق نہیں کی۔

مطیع اللہ کی اہلیہ نے تصدیق کی ہے کہ ان کے شوہر کی گاڑی سیکٹر جی 6 میں اسکول کے باہر کھڑی ملی ہے، شوہر کو کچھ لوگ زبردستی اپنے ساتھ لے گئے ہیں، مطیع اللہ کے بیٹے نے والد کے ٹوئٹر اکاونٹ سے ٹوئٹ کیا اور بتایا کہ ان کے والد کو اغوا کرلیا گیا ہے۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کے چیئرمین مصطفی نواز کھوکھر نے واقعے پر اظہار تشویش کرتے ہوئے آئی جی اسلام آباد سے کہا ہے کہ وہ کمیٹی کو اس معاملے پر بریفنگ دیں۔

ہیومن رائٹس آرگنائزیشن نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطیع اللہ کی بحفاظت بازیابی کا مطالبہ کیا ہے، ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھی حکام پر زور دیا ہے کہ صحافی کا فوری طور پر پتہ چلایا جائے۔

سپریم کورٹ نے گزشتہ دنوں مطیع اللہ جان کی ایک ٹوئٹ پر ازخود نوٹس لیتے ہوئے انہیں توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا تھا۔

ٹرینڈنگ

مینو