پاکستان امہ کی قیادت حاصل کرسکتا ہے، صدر

محمد عثمان

صدر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان معیشت بہتر کر کے مسلم امہ کی قیادت حاصل کر سکتا ہے، وزیراعظم کا کہنا ہے کہ چاہتے ہیں کشمیری بھائیوں کو بھی آزادی ملے۔

ایوان صدر میں پرچم کشائی کی مرکزی تقریب کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے صدر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان نے انتہا پسندی کے خلاف قوموں کو جوڑا، ہم نے دنیا کو سکھایا کہ دہشت گردی کا مقابلہ کیسے کرنا ہے۔ پاکستان نے بھارتی جارحیت کے جواب میں امن کا پیغام دیا۔

صدر مملکت نے کورونا کے خلاف کامیاب حکمت عملی پر وزیراعظم عمران خان کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ اسمارٹ لاک ڈاؤن پالیسی کو دنیا بھر میں سراہا گیا، کورونا کے باوجود پاکستان کے معاشی اشاریے مثبت سمت گامزن ہیں۔ پاکستان معیشت بہتر کرکے مسلم امہ کی قیادت حاصل کرسکتا ہے۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر سلامتی کونسل میں زیر بحث آنا خارجہ پالیسی کی فتح ہے، مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت حل طلب ہے، ہم اپنے کشمیری بھائیوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے یوم آزادی پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے پیغام میں کہا کہ قوم چاہتی ہے کشمیری بھائیوں کو بھی آزادی ملے۔ پاکستان حق خود ارادیت کیلئے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہے ، یقین ہے بہادر کشمیریوں کی جدوجہد کامیاب ہوگی۔

ٹرینڈنگ

مینو