کے الیکٹرک کے خلاف شکایات: نیب کا نوٹس

چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کے الیکٹرک کے خلاف عوامی شکایات کا نوٹس لے لیا جبکہ نیپرا نے کراچی میں شہریوں کی شکایات وصول کرنے کیلئے دفتر قائم کردیا اور کہا ہے کہ صارفین متنازع بل کا فیصلہ ہونے تک رقم جمع نہ کرائیں۔

قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین نے کراچی والوں کی شکایات کا نوٹس لے کر غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ اور اووربلنگ کی انکوائری کا حکم دے دیا۔ جسٹس (ر) جاوید اقبال نے نیب کراچی کو ہدایت کی ہے کہ حکومت سے کئے گئے معاہدے کی مکمل پاسداری نہ کرنے کی بھی تحقیقات کی جائے۔

انھوں نے کہا کہ کے الیکٹرک کو عوام سے اووربلنگ کی مد میں مبینہ طو ر پر اربوں روپے ہتھیانے ، غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور معاہدہ کی پاسداری نہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، کے الیکٹرک کے خلاف 3 ماہ میں انکوائری مکمل کی جائے۔

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی بھی کراچی والوں کی مدد کو آگئی، شکایتی مرکز کھلنے کے بعد اب کراچی والے براہ راست شکایت کرسکتے ہیں، نیپرا کے اعلامیئے میں بتایا گیا کہ متنازع بل کا فیصلہ ہونے تک کے الیکٹرک صارف بل جمع نہیں کرائے گا اور اس کی بجلی بھی نہیں کاٹی جائے گی۔ نیپرا نے شکایات کیلئے ای میل ایڈریس cad karachi@nepra.org.pk جاری کردیا ہے جبکہ شہری دفتر جا کر بھی شکایت درج کراسکتے ہیں۔

ٹرینڈنگ

مینو