پولیس میں سیاسی مداخلت روکی جائے، چیف جسٹس

مجاہد رضا

چیف جسٹس گلزار احمد نے کہا ہے کہ پولیس میں سیاسی مداخلت عام ہوگئی ، عوام کی جان محفوظ ہے نہ مال۔

انھوں نے یہ بات لاہور میں جوڈیشل اکیڈمی کے زیر اہتمام اوورسیز اور کمرشل عدالتوں کے جج صاحبان کے تربیتی پروگرام کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی، چیف جسٹس نے بتایا کہ کاروباری معاملات کا عدالتوں میں لٹکنا مسائل بڑھا دیتا ہے، بہترین عدالتی نظام سے سرمایہ کاری بھی زیادہ آتی ہے۔

جسٹس گلزار احمد کا کہنا تھا کہ امن و امان حکومت کی بنیادی ذمے داری ہے، ہائی ویز پر شہریوں کی حفاظت کا مؤثر نظام نہ ہونا شرمناک ہے۔ مسافروں کو ہائی ویز پر سنگین جرائم کا سامنا ہے، موٹر وے پر حالیہ واقعہ بھی اسی کا نتیجہ ہے، حکومت ہوش کے ناخن لے۔ پولیس میں سیاسی مداخلت روکے اور ادارے کی ساکھ بحال کرے۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد قاسم خان نے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ کمرشل اور اوورسیز کورٹس کا قیام وقت کی ضرورت ہے، کمرشل اور اوورسیز پورٹل میں بیرون ملک پاکستانی درخواستیں دائر کر سکیں گے جن پر ہائیکورٹ کا کمرشل و اوورسیز سیل انصاف کی فراہمی یقینی بنائے گا۔

ٹرینڈنگ

مینو