سردیوں کی چھٹیاں جلدی دینے کی تجویز

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کے باعث بڑے فیصلے کرلئے، تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات جلد شروع کرنے کی تجویز دیدی گئی ہے۔ 

وفاقی وزیر اسد عمر کی زیرصدارت اجلاس میں کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے عوامی اجتماعات پر پابندی کی سفارش کی گئی، شرکا کو بتایا گیا کہ وبا میں 3 گنا اضافہ ہوا ، خطرناک علاقوں میں پابندیاں بڑھائی جائیں۔

اجلاس کے دوران تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات جلد شروع کرنے کی تجویز دی گئی ، وفاقی وزیر تعلیم 16 نومبر کو این سی او سی میں صوبائی وزرائے تعلیم سے ملاقات کریں گے، مشاورتی مباحثے کے بعد سفارشات صوبوں کے ساتھ شیئر کی جائیں گی۔

این سی او سی نے مزارات ، سنیما گھر اور تھیٹر فوری بند کرنے کی سفارش کی جبکہ بازاروں کو جلد بند کرنے اور مخصوص دنوں کیلئے کھولنے کی تجویز دی،  اس سلسلے میں حتمی فیصلے قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں کئے جائیں گے۔

اجلاس میں شادی تقریبات کیلئے بھی اصول جاری کئے گئے، ان کے مطابق 20 نومبر سے صرف 500 افراد کی حد کے ساتھ بیرونی شادیوں کی اجازت ہوگی جبکہ 500 سے زائد افراد کے سیاسی، ثقافتی، مذہبی، تفریحی اور سول سوسائٹی کے اجتماعات پر پابندی کی سفارش کی گئی ہے۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے ٹوئٹر پر بتایا کہ اکتوبر کے وسط سے بڑے اجتماعات پر پابندی کی تجویز آنے کے بعد سے کورونا کیسز کی تعداد تقریبا 3 گنا بڑھ چکی ہے۔ سیاسی قیادت کی جانب سے قوم کو حفاظتی اقدامات کرنے اور ایس او پیز پر عمل کرنے کیلئے پیغام جانا چاہئے۔

ٹرینڈنگ

مینو