کورونا : صوبائی وزیرکا انتقال، مولابخش بیمار

وزیرکچی آبادی سندھ غلام مرتضی بلوچ کا کورونا وائرس کے باعث انتقال ہوگیا جبکہ پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹر مولا بخش چانڈیو بھی وبا کا شکار ہوگئے ہیں۔

ترجمان سندھ حکومت مرتضی وہاب نے بتایا کہ غلام مرتضی بلوچ 2 ہفتے سے بیمار اور نجی اسپتال میں زیرعلاج تھے، انھیں وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا تھا، صوبائی وزیر کراچی کے علاقے ملیر میں وبا کی روک تھام کیلئے قائم ٹاسک فورس کے انچارج بھی تھے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ غلام مرتضی بلوچ نے لاک ڈاؤن کے دوران بھی عوامی خدمت کا سلسلہ جاری رکھا تھا۔

وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے بھی اظہار تعزیت کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ مرتضی بلوچ کی کمی پوری نہیں کی جاسکے گی۔

پیپلزپارٹی کے رہنما اور سینیٹر مولا بخش چانڈیو کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے، مولا بخش چانڈیو نے تصدیق کی کہ ان کی اہلیہ اور بیٹا بھی وبا سے متاثر ہیں۔ وہ تنہا کمرے میں کتابوں کے ساتھ وقت گزار رہے ہیں اور الحمدللہ طبیعت ٹھیک ہے۔

ٹرینڈنگ

مینو