پاکستان : کورونا نے پنجے گاڑ دیئے

ملک میں کورونا وائرس سے اموات بڑھ گئیں، کل ایک ریکارڈ ٹوٹا تھا آج دوسرا ریکارڈ بن گیا۔ گزشتہ 24 گھنٹے میں 88 اموات ہوئیں جبکہ آج ابتک 56 افراد دم توڑ چکے ہیں، ہلاک افراد کی تعداد بڑھ کر ایک ہزار 499 اور کیسز 70 ہزار 381 ہوچکے ہیں۔

لاک ڈاؤن نرم کئے جانے کے اثرات سامنے آنے لگے اور شہریوں کی بے احتیاطی کا بھیانک نتیجہ نکلنے گا۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق 24 گھنٹے میں وبا نے 88 زندگیاں نگل لیں اور ملک میں اموات کا نیا ریکارڈ بن گیا، صرف ہلاکتیں ہی نہیں ریکارڈ کیسز بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔

پنجاب میں آج مزید 36 اموات ہوئیں اور ہلاک افراد کی تعداد 475 ہوگئی، 952 افراد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا اور متاثرین بڑھ کر 25 ہزار 56 ہوگئے۔ اسلام آباد میں مزید 4 افراد جان سے گئے اور اموات 27 ہوگئیں ، دارالحکومت میں 226 نئے کیسز کے بعد متاثرین 2 ہزار 418 ہوچکے ہیں۔

سندھ میں 16 شہریوں نے دم توڑا اور تعداد 481 ہوگئی، 885 نئے کیسز بھی سامنے آئے ہیں، ان میں سے 617 مریضوں کا تعلق کراچی سے ہے۔ وبا صوبے میں اب تک 28 ہزار 245 افراد کو متاثر کرچکی ہے۔

بلوچستان میں 46 افراد زندگیوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں اور کیسز کی تعداد 4 ہزار 193 ہے۔ خیبرپختونخوا میں ہلاکتیں 453 اور کیسز 9 ہزار 540 ہوچکے ہیں۔

آزاد کشمیر میں 17 نئے کیسز کے بعد مریضوں کی تعداد 251 ہوچکی ہے، یہاں 6 مریض جاں بحق بھی ہوئے ہیں، گلگت بلتستان میں متاثرین 678 اور ہلاکتیں 11 ہیں۔

ٹرینڈنگ

مینو