کیا کورونا نے خودکشی کرلی ؟ ویڈیوز

پاکستان میں کورونا نے خودکشی کرلی ، گھر کے قریب کسی بھی مارکیٹ میں چلے جائیں مناظر دیکھ کر یہی لگے گا۔

پنجاب ہو یا سندھ ، خیبرپختونخوا ہو یا بلوچستان ، آزاد کشمیر ہو یا گلگت بلتستان خریداری کی دھوم اور بازاروں میں ہجوم دیکھ کر لگتا ہے لاک ڈاؤن ختم ہوتے ہی کورونا ڈر کر لاک ڈاؤن ہوگیا ہو۔

شہری وبا کو افواہ سمجھ بیٹھے اور عید کی شاپنگ کا بخار سر چڑھ کر بول رہا ہے ، وہ لوگ جو 2 ماہ سے اسپتال بھی نہیں گئے تھے کہ کہیں کورونا نہ لگ جائے اب مارکیٹس میں ٹوٹے پڑے ہیں۔

خواتین کے ذہنوں پر عید کے کپڑے خریدنے کی دھن سوار ہے ، انھیں ڈر ہے تو یہ کہ کہیں درزی کی دکان پر بکنگ بند ہے کا بورڈ نہ لگ جائے۔

لوگوں نے اپنی زندگیاں تو خطرے میں ڈالی ہی ساتھ بچوں کو بھی لے آئے۔ بازاروں کا رخ کرنے والوں نے ماسک اور دستانے پہننے کا تکلف بھی نہیں کیا۔

مارکیٹوں میں کھوے سے کھوا چھل رہا ہے اور تل دھرنے کی جگہ نہیں، یہ منظر دیکھ کر طبی عملہ سر پکڑ کر بیٹھ گیا ، ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ یہ نہ سمجھیں کورونا نے خودکشی کرلی ، خودکشی وہ لوگ کر رہے ہیں جو احتیاط کے بغیر گھروں سے باہر نکل آئے ہیں۔

شہر کوئی بھی ہو منظر ایک جیسا ہے ، طبی عملے کا کہنا ہے کہ لوگ اسی طرح لاپروائی کرتے رہے تو نہ صرف کیسز بلکہ اموات میں بھی اضافے کا خدشہ ہے۔

صارفین اپنے اپنے شہروں کی ویڈیوز شیئر کرکے تشویش ظاہر کر رہے ہیں۔

حکومت نے لوگوں کو بھوک سے بچانے کیلئے کاروبار کھولنے کی اجازت دی تھی اور ایس او پیز بھی طے کردیئے تھے جن کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی جارہی ہے۔ پولیس مارکیٹس سے غائب ہے اور اگر ہے بھی تو خاموشی تماشائی۔

ٹرینڈنگ

مینو