کورونا : سول اسپتال کراچی کی لیب بند

فروہ شمشاد

کورونا وائرس کے کیسز میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوگیا، متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 32 ہزار 400 سے بڑھ گئی جبکہ اموات 2ہزار 551 ہوگئیں۔ سول اسپتال کراچی کی ٹیسٹنگ لیب بند کرنا پڑگئی۔

نیا دن ، کورونا کیسز کا نیا ریکارڈ ، گزشتہ 24 گھنٹے میں 6 ہزار 472 مریض سامنے آئے جو ریکارڈ ہے جبکہ 88 افراد کی جان گئی، سب سے بڑا صوبہ پنجاب سب سے زیادہ متاثر ہے، جہاں 50 ہزار سے زائد افراد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آچکا ہے، سندھ کا دوسرا نمبر ہے اور کیسز 50 ہزار کے قریب ہیں۔

پنجاب میں آج بھی 48 اموات ہوئیں اور وبا ابتک 938 افراد کی جان لے چکی ہے، 2 ہزار 705 افراد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا اور متاثرین 50 ہزار 87 ہوگئے۔ اسلام آباد میں مزید 6 اموات کے بعد تعداد 71 ہوچکی ہے، 464 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور مریض 7 ہزار 163 ہوگئے۔

سندھ میں 793 افراد نے جان کی بازی ہاری اور 49 ہزار 256 بیمار ہوئے ، مشتبہ مریضوں کی تعداد اتنی بڑھی کہ کراچی میں سول اسپتال کیلئے ٹیسٹ کرنے مشکل ہوگئے ، دباو کے باعث ٹیسٹنگ لیب 3 روز کیلئے بند کرنا پڑگئی۔

آزاد کشمیر میں ایک اور شخص جان سے گیا اور اموات 11 ہوگئیں، 40 نئے کیس رپورٹ ہوئے اور بیماروں کی تعداد 574 ہوچکی  ہے۔ گلگت بلتستان میں 16 مریضوں کا انتقال ہوا اور وبا نے ایک ہزار 44 افراد کو بیمار کیا ہے۔

وائرس نے خیبرپختونخوا میں 642 زندگیوں کا خاتمہ اور 16 ہزار 415 افراد کو متاثر کیا۔ بلتستان میں 80 اموات ہوچکی ہیں اور مریضوں کی تعداد 7 ہزار 866 ہے۔

ٹرینڈنگ

مینو