نوازشریف کے اثاثے کتنے ؟ تفصیل سامنے آگئی

نیب نے توشہ خانہ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نوازشریف کے اثاثوں کی تفصیلات اسلام آباد کی احتساب عدالت میں جمع کرادیں۔

نیب کے تفتیشی افسر راحیل اعظم نے احتساب عدالت میں رپورٹ جمع کرائی، اس میں ایس ای سی پی کا حوالہ دے کر بتایا گیا کہ نوازشریف کے محمد بخش ٹیکسٹائل ملز میں 4 لاکھ 67 ہزار 950 شیئرز، حدیبیہ پیپر ملز میں 3 لاکھ 43 ہزار 425 ، حدیبیہ انجینئرنگ کمپنی میں 22 ہزار 213 اور اتفاق ٹیکسٹائل ملز میں 48 ہزار 606 شیئرز ہیں۔

نوازشریف کے نجی بینکوں میں 3 غیرملکی کرنسی سمیت 8 اکاونٹس ہیں،  5 بینک اکاؤنٹس میں 6 لاکھ 12 ہزار روپے موجود ہیں، غیر ملکی کرنسی اکاؤنٹس میں 566 یورو ، 698 امریکی ڈالرز اور 498 برطانوی پاؤنڈز ہیں۔

عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ کے مطابق نواز شریف اور ان کے زیر کفالت افراد کے نام لاہور ، شیخو پورہ ، مری اور ایبٹ آباد میں جائیدادیں ہیں۔ نواز شریف مری میں بنگلے ، چھانگلہ گلی ایبٹ آباد میں 15 کنال کے مکان اور اپر مال لاہور میں جائیداد کے مالک ہیں۔

نواز شریف اور ان کے زیر کفالت افراد کے نام پر 1752 کنال سے زائد زرعی اراضی ہے۔ لاہور کے موضع مانک میں 936 کنال ، موضع بڈوکسانی میں 299 کنال ، موضع مال رائے ونڈ میں 103 کنال ، موضع سلطان کے میں 312 کنال اراضی، ضلع شیخو پورہ کے موضع منڈیالی میں 14 کنال اور موضع فیروز وطن میں 88 کنال اراضی شامل ہے۔

نواز شریف کے نام پر 3 گاڑیاں اور 2 ٹریکٹرز ہیں ، گاڑیوں میں ایک لینڈ کروزر اور 2 مرسڈیز شامل ہیں۔

ٹرینڈنگ

مینو