ٹرمپ نے الیکشن ملتوی کرنے کی تجویز دیدی

امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ انتخابات سے راہ فرار اختیار کرنے لگے، کہتے ہیں ڈاک کے ذریعے زیادہ ووٹنگ کی وجہ سے فراڈ اور غلط نتائج سامنے آسکتے ہیں۔

صدر ٹرمپ نے ٹوئٹ کی اور کہا کہ 2020 کے انتخابات تاریخ میں سب سے زیادہ فراڈ الیکشن ہوسکتے ہیں۔ یہ امریکا کیلئے بڑی شرمندگی کا باعث ہوسکتا ہے، کیا انتخابات اس وقت تک ملتوی نہ کردیئے جائیں جب تک لوگ مناسب اور محفوظ طریقے سے ووٹ ڈال سکیں۔

امریکی قانون کے تحت صدر ٹرمپ کو انتخابات ملتوی کرنے کا اختیار حاصل نہیں۔ ایسا ایکٹ آف کانگریس کے ذریعے ہوسکتا ہے جو تقریبا ناممکن نظر آتا ہے۔

صدر کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی معیشت بدترین صورتحال سے دوچار ہے، اپریل سے جون تک 3 ماہ کے دوران امریکی معیشت 33 فیصد سکڑ چکی ہے۔

3 ماہ کے دوران کورونا کے باعث کاروبار بند رہے ، لاکھوں افراد ملازمتوں سے ہاتھ دھو بیٹھے اور بے روزگار افراد کی 14 اعشاریہ 7 فیصد ہوگئی۔

امریکا میں کورونا وبا سے بڑے پیمانے پر اموات کے بعد لوگ چاہتے ہیں کہ ڈاک کے ذریعے ووٹنگ ہو تاکہ نہ صرف ان کی صحت کو خطرات لاحق نہ ہوں بلکہ بروقت انتخابات بھی ہوسکیں۔

ٹرینڈنگ

مینو