بلوچستان میں سیلاب: 8 افراد جاں بحق، ویڈیوز

بلوچستان میں بارش اور سیلاب نے تباہی مچادی، کئی اہم علاقوں کا کوئٹہ سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا اور حادثات میں 8 افراد جاں بحق ہوگئے۔

طوفانی بارشوں اور ندی نالوں میں طغیانی سے  مکران کوسٹل ہائی وے پر 30 فٹ چوڑا شگاف پڑگیا، سوناری پُل بہنے سے کوہلو کا سبی اور کوئٹہ سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔

کوئٹہ ، آواران، تربت ، گوادر ، اورماڑہ ، ڈیرہ بگٹی ، جھل مگسی ، زیارت ، ہرنائی ، لسبیلہ ، جعفر آباد ، نصیر آباد، بولان اور سبی میں دن بھر وقفے وقفے سے بارش جاری رہی۔ مختلف علاقوں میں حادثات کے دوران 8 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

پل سیلابی ریلے میں بہنے سے گوادر کا لسبیلہ اور کراچی سے زمینی رابطہ منقطع ہو گیا۔ بولان کی ندی میں سیلاب کے باعث کوئٹہ سبّی شاہراہ پر ٹریفک معطل ہوگئی۔

ڈیرہ بگٹی سمیت کئی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا اور متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔

صوبائی حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے کوئٹہ میں نیوز کانفرنس کے دوران بتایا کہ متاثرہ علاقوں میں ٹینٹ اور دیگر امدادی سامان بھجوادیا گیا ہے۔ گوادر اور بولان میں بند سڑکیں کھولنے کی کوششیں جاری ہیں۔

ٹرینڈنگ

مینو