بیٹنگ لائن فلاپ، پاکستان کو 244 رنز کی برتری

مانچسٹر ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں پاکستانی بلے باز بری طرح ناکام ہوگئے ، صرف 137 رنز پر 8 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔

انگلینڈ کے خلاف پہلا ٹیسٹ میچ اولڈ ٹریفورڈ میں جاری ہے، تیسرے دن انگلینڈ کی پوری ٹیم 219 رنز بنا کر آوٹ ہوگئی، پہلی اننگ میں 107 رنز کی برتری حاصل کرنے والی قومی ٹیم دوسری باری میں ناکام ثابت ہوئی۔

شان مسعود نے پہلی اننگ میں 156 رنز بنائے تھے لیکن دوسری اننگ میں اسٹورٹ براڈ نے انھیں صفر پر چلتا کردیا۔ اوپنر عابد علی نے ڈوم بیس کی گیند پر وکٹ گنوائی انھوں نے صرف 20 رنز بنائے۔ بابر اعظم 20 گیندوں پر 52 رنز بنا کر ووکس کی گیند پر کیچ آوٹ ہوئے، اظہر علی ووکس ہی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔

اسد شفیق 29 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے، اسٹوکس نے محمد رضوان کو اس وقت ایل بی ڈبلیو کیا جب انھوں نے 27 رنز بنائے تھے، شاداب خان 15 رنز بنا کر براڈ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ شاہین فریدی 2 رنز بنا کر پویلین لوٹے ان کی وکٹ اسٹوکس نے لی۔ یاسر شاہ 12 رنز اور محمد عباس صفر پر ناٹ آؤٹ ہیں۔ پاکستان کو انگلینڈ پر 244 رنز کی برتری حاصل ہے۔

اس سے پہلے انگلینڈ نے 4 وکٹوں پر 92 رنز سے اننگز شروع کی، اولے پوپ نے 62 رنز بنائے اور نسیم شاہ نے ان کی وکٹ لی۔

جوز بٹلر 38 رنز بناسکے اور یاسر شاہ کا شکار بنے، ڈومینک بیس صرف ایک رنز بنا پائے۔ ٹیم کے دیگر کھلاڑی وکٹ پر نہ رک سکے اور پوری ٹیم 219 رنز پر آوٹ ہوگئی۔ یاسر نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا، شاداب اور عباس نے 2 ، 2 وکٹیں لیں۔

ٹرینڈنگ

مینو