جی بی الیکشن، سلیکٹرز کو مبارکباد، مریم نواز

مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز نے گلگت بلتستان کے انتخابات میں بھی دھاندلی کا الزام لگا کر پی ٹی آئی کی فتح کا کریڈٹ سلیکٹرز کو دے دیا۔

مانسہرہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ جعلی حکومت کو دھاندلی کے باوجود گلگت بلتستان کے الیکشن میں صرف 8 سیٹیں مل سکیں، ان 8 سیٹوں کی مبارکباد عمران خان کو نہیں سلیکٹرز کو دیتے ہیں۔ الیکشن چوری کے باوجود انہیں جو 8 سیٹیں ملیں وہ بھی مسلم لیگ ن کے توڑے ہوئے امیدواروں کی مرہون منت ہیں۔

انھوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں ایک سے دوسرے کونے تک لوگ نواز شریف کی حمایت میں نکلے، لوگوں نے گلگت بلتستان کا جعلی نتیجہ تسلیم کرنے سے انکار کر دیا، دھاندلی کے باوجود جی بی میں اس جعلی کو نہیں جتایا جا سکا۔

ان کا کہنا تھا کہ جی بی میں نواز شریف کے بیانیے نے تمہاری سیاست دفن کر دی ، نواز شریف کے بیانیے کی وجہ سے فکس میچ کے باوجود تمہیں مینڈیٹ نہیں صرف بیساکھیاں ملیں۔ سیٹیں 8 کے بجائے 7 ہوگئیں ، ایسی ذلت سے تو گھر بیٹھنا اچھا ہے۔ تم نے باقی پاکستان کو کیا دیا جو گلگت بلتستان کو دیتے؟ لوگ گلگت بلتستان میں تہمیں ووٹ کیوں دیتے؟ تم سے جواب پوچھا جائے تو کہتے ہو میں اور ادارے ایک پیج پر ہیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے ہزارہ موٹر وے کا وعدہ کیا اور پورا کیا، جس نے اینٹ تک نہ لگائی وہ نواز شریف کی موٹر وے پر چالاکی سے اپنی تختی لگا کر چلا گیا۔

انھوں نے کہا کہ جو ایک یوسی چلانے کے قابل نہ تھا اسے 22کروڑ عوام کی ذمے داری دے دی گئی، جب تک جعلی حکومت مسلط ہے ملک چل سکتا ہے اور نہ ہی غریب کا چولہا جل سکتا ہے، غریبوں کو سستی دوائی مل سکتی ہے اور نہ ہی چینی چوری رک سکتی ہے۔

ٹرینڈنگ

مینو