مرحوم کیپٹن کے والد کو تحقیقات پر تحفظات

اسرار خان

کراچی طیارہ حادثے میں جاں بحق پی آئی اے کے پائلٹ سجاد گل کے والد نے قومی ایئر لائن کی انکوائری پر عدم اعتماد کا اظہار کردیا۔

گورنر پنجاب چوہدری سرور نے مرحوم کے والد اور بیٹوں سے لاہور میں ملاقات کی، بعد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرحوم ساجد گل کے والد گل محمد بھٹی نے پی آئی اے انتظامیہ پر تنقید کی۔ انھوں نے کہا کہ قومی ایئرلائن والے خود ہی انکوائری اور فیصلے کررہے ہیں، وہی رپورٹ لیک کرتے ہیں اور کہتے ہیں فلاں ذمے دار ہے اور فلاں کی غلطی ہے۔

گل محمد بھٹی نے کہا کہ ایک دن پہلے آپ نے بیٹے کو قومی ہیرو قرار دیا، سجاد گل نے 17 ہزار گھنٹے مکمل کئے تھے، اس نے ایک سال میں ایک ہزار گھنٹے طیارے اڑائے تھے۔ بیٹا موت کو سامنے دیکھ کر بھی پرسکون رہا۔ وہ بتاتا رہا کہ لیفٹ پر ٹرن کر رہا ہوں، سیکنڈ راونڈ لے رہا ہوں، گیئر نہیں کھل رہے اور ایک انجن مسئلہ کر رہا ہے۔

انھوں نے بلیک باکس کی رپورٹ آنے سے پہلے بات نہ کرنے کی اپیل کی اور کہا کہ اگر انصاف نہ ہوا تو کھل کر بات کریں گے۔ وزیراعظم عمران خان اور چوہدری سرور پر اعتماد ہے۔

مرحوم کے والد کی تنقید بڑھی تو گورنر پنجاب اٹھ کر کھڑے ہوگئے ، ان کا کہنا تھا کہ انصاف ہونا چاہئے، کیپٹن سجاد کے  خاندان سے پرانا تعلق ہے، چوہدری سرور نے یقین دلایا کہ وزیراعطم تحقیقات کی مانیٹرنگ کریں گے۔

ٹرینڈنگ

مینو