مفتی منیب کا فواد چوہدری کو کرارا جواب

محسن رضا

چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان نے کہا ہے کہ چاند کے سائز سے تاریخ کا تعین کون سی کتاب میں لکھاہے ، یہ فواد چوہدری کی جہالت ہے۔

مفتی منیب الرحمان اور وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری عید کی طرح عید الاضحی کے چاند کے معاملے پر بھی آمنے سامنے آگئے۔

مفتی منیب الرحمان نے فواد چوہدری کے چاند سے متعلق بیان پر رد عمل میں سوال کیا ، انھوں نے پوچھا کہ فلکیات یا سائنس کی کس کتاب میں لکھا ہے چاند کے سائز سے تاریخ کا تعین کیا جائے، رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین نے کہا کہ سائنس سے ناواقف خود کو سائنس کا امام سمجھ رہا ہے یہ فواد چوہدری کی جہالت ہے۔

مفتی منیب نے کہا کہ فواد جی یہ سائنس اور مذہب دونوں کے اعتبار سے پہلی کا چاند تھا، قمری مہینے کی 29 تاریخ کو چاند غروب آفتاب کے بعد موجود ہو اور نظر نہ آئے تو مہینہ 30 دن کا ہوگا اور اگلی شام تک اس کی عمر 24 گھنٹے بڑھ جائے گی اس لیے نسبتاً بڑا نظر آئے گا۔

اس سے پہلے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے 21 جولائی کو چاند نظر نہ آنے کے فیصلے پر سوال اٹھایا تھا، انھوں نے چاند کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ کیا یہ پہلی کا چاند ہے؟ کیا سورج غروب ہونے کے بعد اتنی دیر چاند سر آسماں رہتا ہے؟ عوام خود فیصلہ کر لیں۔

ٹرینڈنگ

مینو