مودی نفسیاتی مریض ہے، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے نریندر مودی کو نفسیاتی مریض قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں 12 لاکھ افراد کو صحت کارڈ دیا جائے گا، ایل او سی پر مشکل زندگی گزارنے والوں کی مدد کرنے پر فخر ہے۔

مظفر آباد میں احساس پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اس پروگرام کے ذریعے ایک لاکھ 38 ہزار خاندان کو رقم دی جائے گی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ انتہا پسند مودی کی حکومت منصوبہ بندی کے تحت مقبوضہ کشمیر میں مظالم ڈھارہی ہے، بھارتی حکومت کشمیر میں نسل کشی کی طرف جارہی ہے لیکن کوئی طاقت کشمیریوں کے جذبے کو ختم نہیں کرسکتی۔ مودی عام انسان نہیں نفسیاتی مریض ہے۔ وہ بھارت کو تباہی کی طرف لے کر جارہا ہے۔ بی جے پی آر ایس ایس کی پیداوار ہے اور یہ لوگ ہٹلر کی نازی پارٹی کو رول ماڈل سمجھتے ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ہر شہادت کے بعد کشمیریوں کا جذبہ بڑھ جاتا ہے، اگر کوئی یہ سوچتا ہے کہ 80 لاکھ افراد کو ڈرا کر خاموش کرایا جاسکتا ہے تو ایسا نہیں ہوسکتا، بھارت میں مسیحی افراد پر بھی ظلم کیا جارہا ہے اور بی جے پی حکومت سکھوں کے خلاف بھی کارروائی کرے گی۔

ٹرینڈنگ

مینو