ایران کا یواے ای کے بحری جہاز پر قبضہ

متحدہ عرب امارات کے فوجیوں کی فائرنگ سے 2 ایرانی مچھیرے جاں بحق ہوگئے، ایران نے جوابی کارروائی کی اور یو اے ای کے بحری جہاز پر قبضہ کرکے عملے کو حراست میں لے لیا۔

عرب خبرایجنسی کے مطابق یواے ای کوسٹ گارڈز کی فائرنگ سے 2 مچھیرے جاں بحق ہوئے، ایرانی حکام نے متحدہ عرب امارات کے رجسٹرڈ شپ پر بحری حدود کی خلاف ورزی کا الزام لگایا ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق یو اے ای کے کوسٹ گارڈز نے کئی ایرانی کشتیوں پر فائرنگ کی ، گولیاں لگنے سے 2 ایرانی مچھیرے جاں بحق ہوئے، ایرانی فورسز نے فوری طور پر جوابی کارروائی کی اور عرب امارات کے شپ کو قبضے میں لے لیا۔  بحری جہاز کا عملہ بھی زیرحراست ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات نے خط لکھ کر کوسٹ گارڈ کی فائرنگ سے 2 ایرانی مچھیروں کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کیا ہے، یو اے ای نے ورثا کو مالی مدد دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔

ایران نے واقعے پر احتجاج کیلئے تہران میں متحدہ عرب امارات کے سفارتکار کو طلب کیا ہے۔

ٹرینڈنگ

مینو