میکسویل گرفتار، حکام شہزادہ اینڈریو کے منتطر

جنسی اسکینڈل کے بدنام زمانہ کردار جیفری اپسٹن کی برطانوی گرل فرینڈ اور شہزادہ اینڈریو کی دوست گیزلین میکسویل کو ایف بی آئی نے گرفتار کرلیا۔ برطانوی شہزادہ اینڈریو پر بھی 17 برس کی لڑکی سے زیادتی کا الزام ہے اور امریکی حکام کا کہنا ہے کہ وہ اینڈریو کو بات کرنے کیلئے آنے پر خوش آمدید کہیں گے۔

58 برس کی میکسویل کو نیوہیمشائر سے گرفتار کیا گیا۔ میکسویل کو جنسی زیادتی کا نیٹ ورک چلانے میں اپسٹن کی مدد ، لڑکیوں کو بھرتی اور تیار کرنے سے متعلق الزامات کا سامنا ہے۔ متاثرہ خواتین کا دعویٰ تھا کہ میکسویل ہی وہ خاتون تھی جس نے بدنام زمانہ ایپسٹن کو ایسا نیٹ ورک چلانے میں مدد دی جس میں کمسنوں کو ورغلا کر جنسی تعلق کی جانب راغب کیا جاتا تھا۔ میکسویل ماضی میں ان الزامات کی تردید کرتی رہی ہیں۔

الزامات 1990 کی دہائی سے متعلق ہیں جب میکسویل کا ایپسیٹن سے گہرا تعلق تھا اور وہ ان کی پراپرٹیز کی بھی دیکھ بھال کرتی تھی۔ جنسی استحصال بھی انہی میں سے بعض پراپرٹیز میں کیا گیا تھا۔ عدالتی دستاویز کے مطابق لندن میں میکسویل کی ایک جائیداد پر بھی کمسن کا جنسی استحصال کیا گیا تھا۔

دستاویز کے مطابق میکسویل لڑکیوں کو شاپنگ کیلئے لے جاتی ، سنیما میں موویز دکھاتی۔ ان سے جنسی تعلقات پر بات کرتی اور انھیں مساج اور دیگر چیزوں کے ذریعے اپسٹن سے جنسی تعلقات کی جانب اکساتی۔

میسکویل سے پوچھا گیا تھا کہ کیا اپسٹن کی کمسن لڑکیوں کو جنسی مساج کیلئے بھرتی کرنے کی اسکیم تھی۔ اس پر میکسویل نے کہا تھا کہ انہیں معلوم نہیں کہ ان سے کیا پوچھا جا رہا ہے۔

شہزادہ اینڈریو کو اپسٹن سے دوستی کے باعث عالمی سطح پر شدید تنقید کا سامنا رہا ہے، اپسٹن کی متاثرہ خواتین میں سے ایک ورجینیا رابرٹس کا دعویٰ ہے کہ شہزادے نے 2000 میں کئی بار ان سے جنسی تعلقات قائم کئے اور اس وقت ان کی عمر 17 برس تھی۔

ملکہ برطانیہ کے بیٹے ڈیوک آف یارک شہزادہ اینڈریو ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے رہے ہیں۔

نیویارک میں پریس کانفرنس کے دوران قائم مقام اٹارنی اوڈرے اسٹراس نے کہا کہ شہزادہ اینڈریو کو بات کرنے کیلئے آنے پر خوش آمدید کہا جائے گا تاکہ ان کے بیان سے فائدہ اٹھایا جاسکے۔

جیفری اپسٹن اور میکسویل کی صرف شہزادہ اینڈریو سے ہی دوستی نہیں تھی بلکہ ان کا ملنا جلنا دنیا بھر میں امیر ترین افراد سے تھا، یہ تصویر سن 2000 کی ہے، اس میں وہ امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور میلانیا ٹرمپ کے ساتھ موجود ہیں۔

میکسویل کا سوشل نیٹ ورک پورے امریکا میں پھیلا ہوا تھا اور وہ 2010 میں بل کلنٹن کی بیٹی چیلسی کلنٹن کی شادی کے موقع پر بھی موجود تھیں۔

ٹرینڈنگ

مینو