مطیع اللہ جان کو اغوا کیا گیا، اہلخانہ، ویڈیو

سینئر صحافی مطیع اللہ جان کی اسلام آباد سے گمشدگی معمہ بن گئی، صحافی کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ انھیں اغوا کیا گیا ہے۔ سوشل میڈیا پر مطیع اللہ کے مبینہ اغوا کی سی سی ٹی وی فوٹیج وائرل ہے لیکن پولیس نے اب تک اس کے اصلی ہونے کی تصدیق نہیں کی۔ آبپارہ تھانے کے ایس ایچ او شوکت محسود نے بتایا کہ صحافی کی اہلیہ نے اب تک کوئی درخواست نہیں دی ہے۔

مطیع اللہ کی اہلیہ نے تصدیق کی ہے کہ ان کے شوہر کی گاڑی سیکٹر جی 6 میں اسکول کے باہر کھڑی ملی ہے، شوہر کو کچھ لوگ زبردستی اپنے ساتھ لے گئے ہیں، مطیع اللہ کے بیٹے نے والد کے ٹوئٹر اکاونٹ سے ٹوئٹ کیا اور بتایا کہ ان کے والد کو اغوا کرلیا گیا ہے۔

ہیومن رائٹس آرگنائزیشن نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطیع اللہ کی بحفاظت ریکوری کا مطالبہ کیا ہے، ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھی حکام پر زور دیا ہے کہ صحافی کا فوری طور پر پتہ چلایا جائے۔

سپریم کورٹ نے گزشتہ دنوں مطیع اللہ جان کی ایک ٹوئٹ پر ازخود نوٹس لیتے ہوئے انہیں توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا تھا۔

ٹرینڈنگ

مینو