کے الیکٹرک کامالک وزیراعظم کافرنٹ مین، بلاول

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم عمران خان ، وفاقی وزیرعلی زیدی اور دیگر وزرا پر کرپشن الزامات لگاتے ہوئے کہا ہے کہ جے آئی ٹی کا گیم حکومت کے گلے پڑگیا ہے، مجبور کیا گیا تو کورونا ہو یا نہ ہو سڑکوں پر نکلیں گے، کراچی سے اسلام آباد جائیں گے اور ان کو باہر نکال دیں گے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران بلاول بھٹو نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کشمیریوں کو تنہا چھوڑ دیا، عمران خان نے بھارتی الیکشن میں مودی کی حمایت کی تھی، پی ٹی آئی حکومت نے کشمیر کاز اور خارجہ پالیسی کو نقصان پہنچایا، عمران خان کا وزیراعظم رہنا جمہوریت ، معیشت اور ہر پاکستانی کی زندگی کیلئے خطرہ ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ اگر سندھ میں کسی کے پاس وسائل نہیں تو حکومت فری ٹیسٹ اور علاج کرائے گی۔ بیڈ گورننس کا الزام لگانے والے سندھ سے مقابلہ کرلیں، سندھ میں کورونا ٹیسٹنگ کی صلاحیت تمام صوبوں سے زیادہ ہے۔ بلاول بھٹو نے پی ٹی آئی کو تیسرا چیلنج کیا اور کہا کہ کورونا کی پرکیپیٹا ٹیسٹنگ سندھ کے برابر کرکے دکھائیں۔

انھوں نے وفاقی حکومت پر جان بوجھ کر کورونا ٹیسٹنگ میں کمی کا الزام لگایا اور کہا کہ حکمران عوام کی زندگی خطرے میں ڈال رہے ہیں۔ وفاقی وزرا ٹیسٹنگ میں کمی کے بعد گراف کم ہونے کا دعویٰ کرکے اپنا مذاق اڑوا رہے ہیں۔ اگر ٹیسٹنگ کم ہوگی تو کورونا کا گراف نیچے جاتا ہوا ہی نظر آئے گا۔

بلاول بھٹو نے وزیراعظم کی فیملی پر کرپشن کا الزام لگایا اور کہا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ میں حکومت کو کرپٹ ترین قرار دیا گیا ہے، مشرف کا پہلا این آر او عمران خان کیلئے تھا، عمران خان کے والد کو کرپشن الزامات پر ہٹایا گیا تھا ، علیمہ خان نے منی ٹریل نہیں دی اور سلائی مشین سے نیویارک میں عمارتیں کھڑی کیں، ہر وزیر پر الزام ، پورا پنجاب جادو اور کرپشن سے چل رہا ہے لیکن نیب خاموش ہے۔

انھوں نے کہا کہ کے الیکٹرک اور ابراج گروپ کا مالک عمران خان کا فرنٹ مین اور اے ٹی ایم ہے، عمران خان آج تک ابراج گروپ کو سہولتیں دے رہے ہیں، کے الیکٹرک اور ابراج گروپ کے مک مکا کی وجہ سے کراچی والے خون تھوک رہے ہیں۔ اس معاملے میں ایف آئی اے کی رپورٹ دبائی جاچکی ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے بی آر ٹی کو سفید ہاتھی قرار دیا اور کہا کہ وفاقی وزیر علی زیدی کا فرنٹ مین بی آرٹی منصوبے کا کنٹریکٹر ہے، یہ قانونی تحفظ کے ساتھ کرپشن کر رہے ہیں، سپریم کورٹ سے اپیل ہے بی آر ٹی کیس سے اسٹے آرڈر ختم کیا جائے۔

ٹرینڈنگ

مینو