ظفرمسعود کا اظہار اعتماد، پی آئی اے سے سفر

کراچی طیارہ حادثے میں معجزانہ طور پر بچ جانے والے 2 افراد میں سے ایک  ظفر مسعود صحت یاب ہونے کے بعد پی آئی اے کی پرواز کے ذریعے لاہور پہنچ گئے۔ ان کا یہ سفر قومی ایئرلائن پر اعتماد کا اظہار ہے۔

بینک آف پنجاب کے صدر اور سی ای او ظفر مسعود لاہور جانے کیلئے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے تو پی آئی اے کے چیف فنانشل افسر خلیل اللہ شیخ ، چیف ٹیکنیکل افسر اور ہیڈ آف انجیئرنگ عامر علی نے ان کا استقبال کیا۔

انھوں نے پی آئی اے کی فلائٹ پی کے 304 سے سفر کیا، ظفر مسعود کا استقبال کرنے کیلئے سی ای او پی آئی اے ایئر مارشل ارشد ملک اسلام آباد سے خصوصی طور پر لاہور لائے۔

ایئرمارشل ارشد ملک نے ظفر مسعود کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ قومی ایئرلائن عوامی توقعات پر اترنے کیلئے بھرپور جدوجہد کررہی ہے اور جلد تمام مسائل پر قابو پالیا جائے گا۔

پی آئی اے کا طیارہ 22 مئی کو لاہور سے آتے ہوئے کراچی کی ماڈل کالونی میں گر کر تباہ ہوگیا تھا، سانحے میں عملے کے 8 ارکان سمیت 97 مسافر جاں بحق ہوئے اور 2 معجزانہ طور پر مححفوظ رہے تھے۔

ٹرینڈنگ

مینو