10 اگست سے اہم شعبے کھولنے کی اجازت

محمد عثمان

قومی رابطہ کمیٹی نے ریسٹورنٹس ، تفریحی مقامات اور شادی ہالز سمیت دیگر شعبے مرحلہ وار کھولنے کا فیصلہ کرلیا۔  

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اجلاس میں ریسٹورنٹس ، کیفیز ، تھیٹرز اور سنیما گھر 10 اگست سے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا۔

وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی اسد عمر نے اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ کے دوران بتایا کہ کورونا وبا کی شدت کم ہوگئی البتہ تعلیمی ادارے 15 ستمبر سے ہی کھولے جائیں گے۔

اسد عمر کے مطابق سیاحتی مقامات جمعہ سے اور وہاں ہوٹل 8 اگست سے کھولنے کی اجازت ہوگی، ملک بھر میں مزارات ، مذہبی مقامات، پبلک پارکس ، تفریح گاہیں ، ایکسپو ہالز ، بیوٹی پارلرز، سنیما تھیٹرز ، جم ، کلب ہوٹل ، کیفے اور ریسٹورنٹس 10 اگست سے کھولے جاسکیں گے۔

حکومت نے روڈ ٹرانسپورٹ، ریلوے اور ایئرلائن معمول کے مطابق بحال کرنے کا اعلان کیا البتہ میٹرو سروسز اور بسوں میں کھڑے ہو کر سفر نہیں کیا جاسکے گا، موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

بازار اور مارکیٹس معمول کے مطابق کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے جبکہ وقت کی پابندی اور ہفتہ و اتوار کی چھٹی ختم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

ایسے گیمز جن میں کھلاڑیوں کے جسم کو چھوا نہ جاتا ہو کھیلنے پر پابندی 10 اگست سے ختم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے، کبڈی ، کشتی اور رگبی پر پابندی رہے گی اور دیگر کھیلوں کا انعقاد بھی تماشائیوں کے بغیر ہوگا۔

شادی ہالز 15 اگست سے کھولے جاسکیں گے اور ہوٹلز میں بھی شادی بیاہ کی تقریبات ہوسکیں گی۔

اسد عمر نے بتایا کہ 14 اگست اور محرم الحرام کیلئے بھی ایس او پیز طے کرلئے گئے ہیں۔

ٹرینڈنگ

مینو