شہباز شریف کیلئے لاک اپ پروگرام، شیخ رشید

وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن شہباز شریف کیلئے لاک اپ کا پروگرام ہے۔ چھوٹی عید کے بعد دونوں طرف سے گرفتاریاں ہوں گی۔ چوروں اور ڈاکوؤں کو تُن کر رکھنا چاہئے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران شیخ رشید نے بتایا کہ این ڈی ایم اے نے ریلوے کے ایس او پیز کی منظوری دے دی ، پیر تک ٹرینیں چلانے کی اجازت نہ ملی تو محکمہ لوگوں کا ہجوم کنٹرول نہیں کرسکے گا، اگر بدھ تک ٹرینیں چلانے کا فیصلہ نہ ہوا تو لوگوں کو آن لائن ٹکٹوں کے 23 کروڑ روپے واپس کردیں گے۔ شیخ رشید نے کہا کہ محکمہ ریلوے وزیراعظم کے ماتحت ہے اور ہم صرف وزیراعظم ہی کو جانتے ہیں۔

شیخ رشید نے دعویٰ کیا کہ 31 جولائی سے پہلے جھاڑو پھر جائے گی، پیپلزپارٹی اور نون لیگ جانتی ہیں نیب جھاڑو پھیر دے گی اسی لئے دونوں جماعتیں نیب کے خاتمے کی باتیں کر رہی ہیں۔

وزیرریلوے نے بتایا کہ شہباز شریف اپنا سافٹ ویئر بدل کر ہی بچ سکتے ہیں ورنہ یہ لاک ڈاؤن شہباز شریف کیلئے لاک اپ کا پروگرام ہے۔ اگر مونس الہی نے جہانگیر ترین سے ملاقات کی ہے تو اچھی بات ہے، چوہدری سمجھدار لوگ ہیں وہ گیلی جگہ پر پاؤں نہیں رکھتے۔

ٹرینڈنگ

مینو