گلاسگو: چاقو بردار حملہ آور ہلاک، 6 زخمی

برطانیہ کے شہر گلاسگو کے ہوٹل میں لوگوں پر چاقو سے حملہ کرنے والے شخص کو پولیس نے گولی مار کر ہلاک کردیا۔

اسکاٹ لینڈ کے شہر گلاسگو کے سٹی سینٹر میں زخمی کئے گئے 6 افراد کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے ، ان میں 42 برس کا پولیس افسر بھی شامل ہے۔ دیگر افراد کی عمریں 17 ، 18 ، 20 ، 38 اور 53 سال ہیں۔

واقعہ ویسٹ جارج اسٹریٹ کے پارک ان ہوٹل میں پیش آیا جہاں اسائلم کے خواہش مند افراد مقیم ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ صورتحال کنٹرول میں ہے اور واقعے سے متعلق اب کسی شخص کی تلاش نہیں کی جارہی۔

حکام کے مطابق پولیس اہلکار واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد صرف 2 منٹ میں ہوٹل پہنچے اور حملہ آور کو ہلاک کردیا۔

برطانوی میڈیا کے مطابق ہلاک کئے گئے حملہ آور کا تعلق سوڈان سے ہے ، عینی شاہد نے بتایا کہ حملہ آور نے انتہائی بھوکے ہونے کی شکایت کے ساتھ پناہ گزینوں پر حملے کی دھمکی بھی دی تھی۔ پارک ان ہوٹل میں ناقص انتظامات کے باعث پناہ گزینوں نے ماضی میں احتجاج کیا تھا۔

فرسٹ منسٹر نکولا سٹرجن نے واقعے کو بھیانک قرار دیا اور بتایا کہ انھیں لمحہ بہ لمحہ آگاہ کیا جاتا رہا، یہ واقعہ پولیس کی بہادری کا ثبوت ہے ، برطانوی وزیراعظم بورس جونسن نے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ٹرینڈنگ

مینو