وزیراعظم نے پشاور بی آرٹی کا افتتاح کردیا

محمد شکیل

خیبرپختونخوا میں میگا پراجیکٹ بس ریپڈ ٹرانزٹ بی آر ٹی کا اللہ اللہ کرکے افتتاح کردیا گیا۔ 49 ارب روپے کا منصوبہ اب 71 ارب روپے سے زیادہ لاگت میں مکمل ہوا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے پشاور میں چمکنی اسٹیشن سے بی آر ٹی کا افتتاح کردیا۔ عمران خان نے بی آرٹی کو ملک کا سب سے بہترین منصوبہ قرار دیا، وزیراعظم نے کہا کہ ان کے تحفظات غلط تھے، پراجیکٹ سے متعلق پرویز خٹک کا موقف درست تھا، عام آدمی کیلئے یہ منصوبہ بڑی نعمت ہے۔

بی آرٹی کے 27 کلومیٹر طویل ٹریک پر 71 ارب روپے سے زائد خرچ کئے گئے ہیں اور منصوبے کے تحت 220 بسیں چلائی جائیں گی۔

بسوں کے ذریعے روزانہ ساڑھے 3 لاکھ سے زائد افراد سفر کرسکیں گے۔ مسافروں سے پہلے اسٹاپ تک 10 روپے جبکہ ہر 5 کلومیٹر پر 5 روپے کرایہ وصول کیا جائے گا۔ چمکنی سے کارخانو مارکیٹ تک 27 کلومیٹر کا سفر تقریبا ایک گھنٹے میں طے ہوگا۔

ماحول دوست ایئرکنڈیشنڈ بسوں میں وائی فائی اور موبائل چارجنگ کی بھی سہولت ہوگی جبکہ معذور افراد کیلئے بسوں اور اسٹیشنز میں الگ جگہ مختص کی گئی ہے۔ پلیٹ فارمز پر خودکار دروازے نصب ہیں ، بس اسٹیشنز میں خود کار برقی سیڑھیاں اور لفٹ کی سہولت بھی موجود ہوگی۔

بی آر ٹی کا سنگ بنیاد اکتوبر 2017 میں رکھا گیا ، اس کی تکمیل کیلئے 6 ماہ کی مدت طے کی گئی تھی ، اس دوران تقریبا 8 بار منصوبے کے افتتاح کی ڈیڈ لائن دی گئی۔ منصوبے کیلئے ایشیائی ترقیاتی بینک سے آسان شرائط پر قرضہ لیا گیا ، منصوبے کی لاگت کا 15 فیصد حصہ صوبائی حکومت نے ادا کیا ہے۔

ٹرینڈنگ

مینو