کراچی :نالوں کی صفائی نہ ہوپائی

کراچی میں آج سے گرج چمک کے ساتھ بادل برسنے کا امکان ہے اور شہر کے نالوں کی صفائی ابتک نہیں ہوپائی ہے۔

محکمہ موسمیات نے 8 جولائی تک گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کی پیش گوئی کردی ، کراچی ، حیدرآباد ، ٹھٹھہ، بدین سانگھڑ ، میرپورخاص ، تھرپارکر ، عمر کوٹ ، جامشورو اور دادو میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔

پیر اور منگل کو موسلادھار بارش سے کراچی ، حیدرآباد، ٹھٹھہ اور بدین میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

کراچی کے نالوں کی صفائی اور پانی کی نکاسی کیلئے مناسب انتظامات اب تک نہیں کئے جاسکے ہیں۔ میئر وسیم اختر کہتے ہیں کہ شہر میں 2018 کے بعد سے برساتی نالوں کی صفائی نہیں ہوئی ہے، ایسے میں محکمہ موسمیات کی پیش گوئی درست ثابت ہوئی تو شہر کے اکثر علاقے ڈوبنے کا خدشہ ہے۔

اتوار کو کراچی کے سرجانی ٹاؤن، گلشن معمار، احسن آباد، گلشن اقبال اور نارتھ کراچی میں بوندا باندی ہوئی۔ بدین سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی۔ بلوچستان کے علاقے حب ، بیلہ ، اوتھل اور وندر میں مٹی کے طوفان کے بعد ہلکی بارش بھی ہوئی۔

ٹرینڈنگ

مینو