منہاج القرآن کی صحافیوں کے اعزاز میں تقریب

روحی بانو

ادارہ منہاج القرآن انٹرنیشنل فرانس نے پاکستان جرنلسٹ فورم کے اعزاز میں شاندار محفل کا اہتمام کیا۔

پیرس کے مضافاتی علاقے لاکورنیو میں تقریب کا آغاز حاجی الطاف حسین کی تلاوت قرآن پاک اور مشترکہ درود شریف سے ہوا، ادارے کے صدر راجہ بابر حسین نے پاکستان جرنلسٹ فورم کو بتایا کہ کورونا وبا اور طویل لاک ڈاون کے دوران ادارہ منہاج القرآن نے پاکستانی کمیونٹی کا مکمل خیال رکھا، مخیر حضرات نے ادارے کے ساتھ بھرپور تعاون کیا اور 20 سے 40 فیصد اضافی عطیات دیئے، ان عطیات کی بدولت ادارے نے مجبور افراد کو گھروں پر کھانے پینے کی اشیاء، ماسک اور سینیٹائزر فراہم کئے۔

راجہ بابر حسین نے بتایا کہ رمضان المبارک کے دوران آن لائن روحانی محفلوں کا انعقاد کیا گیا ، ادارے نے بچوں کو آن لائن قرآن پاک ، دین الہی اور اردو کی تعلیم کا سلسلہ بھی جاری رکھا۔ ادارہ منہا ج القرآن ویلفیئر نے لاک ڈاون میں پاکستانی کمیونٹی میں ہونے والی اموات کی بلا تفریق تدفین کا مفت اہتمام کیا۔

اس موقع پر ادارہ منہاج القرآن انٹرنیشنل کے جنرل سکرٹری مہر طاہر ارشد ، میڈیا ہیڈ راجہ فیصل ، نائب صدر عبدالقادر ، جرنلسٹ فورم فرانس کے کنوینر یونس خان ، سینئر صحافی رضا چوہدری ، کامران حنیف ، زاہد مصطفیٰ اعوان ، شاہ زیب ارشد ، سلطان محمود ، ملک منیر احمد ، محمد بلال احمد ، بابر مغل ، شہزاد وڑائچ ، محمد بنارس اعوان ، روحی بانو، سینئر صحافی ذوالفقار عزیز ، محمد جاوید اور معروف لکھاری راؤ خلیل احمد بھی موجود تھے۔

راجہ فیصل نے ادارہ منہاج القرآن فرانس کی ایک سالہ کارکردگی سے آگاہ کیا اور بتایا کہ ایک سٹوڈیو کی تیاری جاری ہے جو صحافی دوستوں کی تخلیقی صلاحیتیں نکھارنے میں مددگار ثابت ہوگا۔

سینئر صحافی رضا چوہدری نے ادارے اور قائد تحریک منہاج القرآن شیخ السلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی اسلام کیلئے خدمات کی تعریف کرتے ہوئے بتایا کہ انھوں نے امریکا، کینیڈا ، یورپ اور بھارت سمیت ساری دنیا میں اسلام کا دفاع بڑے احسن انداز میں کیا ہے۔

جرنلسٹ فورم کے کنوینر محمد یونس خان نے انتظامیہ منہاج القرآن کا تقریب کے انعقاد پر شکریہ ادا کیا اور مستقبل میں بہتر رپورٹنگ کیلئے تجاویز دیں۔

نماز مغرب کے بعد بہترین ڈنر کا اہتمام تھا تقریب کے آخر میں وبا سے جاں بحق افراد کی مغفرت اور مریضوں کی جلد صحتیابی کیلئے خصوصی دعا بھی کرائی گئی۔

ٹرینڈنگ

مینو