پاک سعودی عرب غلط فہمیاں ختم ہوگئیں، شیخ رشید

اسرار خان، لاہور

حکومت نے پہلی بار تصدیق کردی ہے کہ پاکستان  اور سعودی عرب کے درمیان غلط فہمیاں تھیں جو دور ہوچکی ہیں۔

وزیرریلوے شیخ رشید احمد نے لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ برادر ملکوں کے درمیان غلط فہمیاں دور ہوچکی ہی، جو تھوڑا بہت فرق رہ گیا ہے وہ بھی آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس پی آر کے دورہ سعودی عرب سے دور ہوجائے گا۔

شیخ رشید نے دعویٰ کیا کہ اب سعودی عرب سے اچھی خبریں آئیں گی اور دوطرفہ تعلقات مزید بہتر ہوں گے۔

وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ مریم نواز کی نیب آفس پیشی کے موقع پر پورے ملک سے پتھراؤ گروپ لایا گیا اور راولپنڈی سے بھی ویگنز کرائے پر لی گئیں، مریم نواز کی وجہ سے نواز شریف کا حال سب کے سامنے ہے ، وہ شہباز شریف کو بھی وہاں پہنچانا چاہتی ہیں جہاں آج نواز شریف ہیں۔

شیخ صاحب نے مولانا فضل الرحمان کو جاگتے رہنے کا پیغام دیا اور کہا کہ وہ اپوزیشن کے بھروسے پر نہ رہیں، انھیں صرف این آر او چاہئے،  مولانا فضل الرحمان کی بھول ہے کہ یہ اسمبلیاں چھوڑدیں گے، انھیں تو اسمبلی کی وجہ سے پروٹوکول مل رہا ہے۔ انھوں نے  کہا کہ اپوزیشن اے پی سی کی تاریخ ہی نہیں آکر دے رہی۔

اس سے پہلے لاہور ریلوے اسٹیشن پر گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کہیں نہیں جا رہے۔ عمران خان ان کے ساتھ کھڑے ہیں، ابھی تو عثمان بزدار سے کوائف مانگے گئے ہیں، ابھی اُن پر الزام نہیں لگا۔

وزیر ریلوے نے بتایا کہ عمران خان اور ادارے ایک پیج پر ہیں، پاک فوج اور عمران خان کی حکومت ایک گاڑی کے 2 پہیے ہیں، حکومت 5 سال پورے کرے گی۔ 17 اگست سے مزید  10 ٹرینیں چلائی جائیں گی۔

ٹرینڈنگ

مینو