فواد کی کل عید، چانددیکھنے کیلئے اجلاس جاری

وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کل ملک میں عید الفطر کا اعلان کردیا۔ چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مفتی منیب الرحمان کی زیرصدارت جاری ہے۔ وزیرمذہبی امور نور الحق قادری کہتے ہیں شرعی فیصلہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔

فواد چوہدری نے نئی عید پر پرانا شوشہ چھوڑ دیا، اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران انھوں نے کہا کہ سائنسی ترقی نے چاند دیکھنے کا مسئلہ حل کردیا ہے،  مذہبی تہوار تنازع کے بجائے یکجہتی کا باعث ہونا چاہئے۔ رویت ہلال کمیٹی 1974 سے ابتک تنازعات کا شکار رہی ہے۔

وزیرسائنس  وٹیکنالوجی نے سائنسی طریقہ کار سے بتایا کہ 22 مئی کی رات 10 بج کر 39 منٹ پر شوال کے چاند کی پیدائش ہوگئی تھی، اب غرویب آفتاب کے بعد دوربین سے چاند نظر آجائے گا، انہوں نے طنزکرتے ہوئے کہا کہ کہتے ہیں عینک سے چاند دیکھنا حلال ہے ، دوربین سے نہیں لیکن عینک بھی تو ٹیکنالوجی ہے۔

دوسری جانب وزیرمذہبی امور کہتے ہیں کہ حکومت اور قوم رویت ہلال کمیٹی کے فیصلے کے مطابق عید منائے گی، فواد چوہدری اچھے دوست ہیں لیکن آج کل وہ چاند چاند کھیل رہے ہیں، رویت کیلئے جدید آلات کی معاونت لی جاسکتی ہے مگر عید کا فیصلہ علما ہی کریں گے۔

ٹرینڈنگ

مینو