بلوچستان منرل ایکسپلوریشن کمپنی بنانے کی منظوری

محمد عثمان

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی ترقیاتی کونسل کے اجلاس میں بلوچستان منرل ایکسپلوریشن کمپنی کے قیام کی منظوری دے دی گئی۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت بلوچستان کا احساس محرومی دور کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔

کونسل کے اجلاس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید ، وفاقی وزرا شاہ محمود قریشی ، اسد عمر ، حماد اظہر اور دیگر شریک ہوئے ، وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ وسائل نظر انداز ہونے سے بلوچستان میں احساس محرومی پیدا ہوا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ماضی میں بلوچستان کو مالی وسائل تو دیئے گئے لیکن عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ان کے مناسب استعمال کو نظر انداز کیا جاتا رہا ، گوادر کی تعمیر و ترقی کا منصوبہ نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے علاقے کیلئے گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ گوادر اور سی پیک منصوبوں سے فائدہ اٹھانے کیلئے ضروری ہے کہ بلوچستان میں روڈ نیٹ ورک ، عوام  اور خصوصا نوجوانوں کو روزگار دینے پر توجہ دی جائے۔ وزیراعظم نے وزیر منصوبہ بندی، مشیر خزانہ اور وزیراعلیٰ بلوچستان پر مشتمل کمیٹی کے قیام کی ہدایت کی۔ کمیٹی کمیونیکیشن، زراعت، توانائی اور دیگر مجوزہ منصوبوں کا جائزہ لے کر ترجیحات مرتب کرکے وزیراعظم کو پیش کرے گی۔

ٹرینڈنگ

مینو