ادکارہ نایا ریویرا کو مردہ تصور کرلیا گیا

امریکی ریاست کیلی فورنیا کی جھیل میں نہانے کے دوران لاپتہ ہونے والی ہالی وڈ کی نامور ادکارہ نایا ریویرا کو مردہ تصور کرلیا گیا ہے۔

33 برس کی  نایا ریویرا لاس اینجلس کے قریب لیک پیرو کی سیر کے دوران لاپتہ ہوئی تھیں، انھوں نے بیٹے کے ساتھ سیر کیلئے کرائے پر بوٹ حاصل کی تھی، ریسکیو اہلکاروں کو ان کا 4 سالہ بیٹا بوٹ سے مل گیا تھا لیکن کوشش کے بعد انھیں تلاش نہیں کیا جاسکا۔

نایا ریویرا کے بیٹے نے بتایا کہ والدہ جھیل میں اترنے کے بعد واپس نہیں آئیں، اداکارہ کو دی گئی لائف سیونگ جیکٹ کشتی سے مل گئی ہے۔

امریکی حکام نے جھیل عوام کیلئے بند کرکے کئی گھنٹے تلاش کے بعد اب اداکارہ کو مردہ تصور کرلیا ہے۔

نایا نے 8 جولائی کو بیٹے کے ساتھ تصویر ٹوئٹ کی تھی اور کیپشن میں صرف ہم دونوں لکھا تھا۔

نایا ریویرا نے چائلڈ اداکارہ اور ماڈل کے طور پر کریئر شروع کیا تھا ، انھوں نے 2011 میں فلمی دنیا میں قدم رکھا اور انھیں شہرت فاکس ٹی وی کے میوزیکل ڈرامہ گلی سے ملی۔

انھوں نے اب تک 3 درجن فلموں اور ڈراموں میں کام کیا تھا اور 2014 میں اداکار ریان ڈورسی سے شادی کی تھی۔ 2015 میں دونوں الگ ہوئے اور 2018 میں طلاق پر تعلق ختم ہوگیا۔

ٹرینڈنگ

مینو