ڈرائیور بچے کیلئے لیمبورگینی کی قطار، ویڈیو

لیمبورگینی 

اسپورٹس کار کے دیوانے تو ایک سے ایک ہوں گے مگر امریکا کی ریاست یوٹاہ میں 5 برس کے بچے کے سر پر لیمبورگینی کار خریدنے کی ایسی دھن سوار ہوئی کہ اس نے پوری دنیا کو حیران کردیا۔

5 برس کے ایڈرین زماریپا نے 3 ڈالر جیب میں ڈالے ، ابا کی گاڑی کی چابی اٹھائی اور دوسری ریاست کیلی فورنیا جانے کیلئے نکل پڑا۔

DASHCAM: Utah trooper pulls over 5-year-old boy who stole parents SUV

DASHCAM VIDEO: Watch as police pull over a 5-year-old boy who told police he took his parents' vehicle so he could drive to California to buy a Lamborghini after his mother refused to buy him one.STORY: https://kutv.com/news/local/5-year-old-stopped-for-impaired-driving-in-ogden-after-mom-wouldnt-by-him-lamborghini

Posted by KUTV 2News on Monday, May 4, 2020

بچہ گاڑی کو شاہراہ پر دوڑاتے ہوئے لاس اینجیلس جانے کے اشارے فالو کررہا تھا۔ کم سن سے اسٹیئرنگ سنبھل نہیں رہا تھا اور وہ بغیر اشارے دیئے گاڑی موڑ رہا تھا۔ پولیس کو شبہ ہوا کہ شاید ڈرائیور کو میڈیکل ایمرجنسی یا کوئی اور مسئلہ ہے۔

پولیس نے بچے کو انٹراسٹیٹ 15 پر روکا تو گاڑی 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے دوڑ رہی تھی اور کمسن گھر سے 5 کلومیٹر دور پہنچ چکا تھا۔

پولیس نے پوچھا کہ وہ اس عمر میں ایس یووی چلاتے ہوئے کہاں جا رہا ہے ، بچے نے بھولپن سے بتایا کہ اس کے پاس 3 ڈالر ہیں اور وہ لیمبورگینی خریدنے کیلی فورنیا جارہا ہے کیونکہ اس  کی ماں نے لیمبورگینی دلوانے سے انکار کردیا ہے۔

پولیس نے بچے کو سمجھا بجھا کر گھر واپس پہنچایا تو معلوم ہوا کہ والدین کام پر گئے ہوئے تھے۔ بچے کی 16 برس کی بہن اس کی دیکھ بھال کررہی تھی ، بہن کی آنکھ لگتے ہی وہ گاڑی کی چابی اٹھا کر نکل پڑا تھا۔ یہ پہلا موقع تھا کہ اس نے گاڑی چلائی تھی ، اسی لئے پولیس نے بچے پر کوئی الزام یا جرمانہ عائد نہیں کیا۔

امریکا میں لیمبورگینی کی قیمت پونے 3 لاکھ ڈالر ہے جو بغیر ٹیکس ادا کئے اگر خریدی جائے تو پاکستان میں ساڑھے 4 کروڑ روپے کی ہوگی۔

لیمبورگینی سے بچے کی محبت کے میڈیا میں چرچے ہوئے تو ایسی ہی گاڑی کا مالک جریمی نیویس بچے کے گھر پہنچ گیا اور اپنی گاڑی میں بچے کو سیر کراکے اس کا شوق پورا کردیا۔

بچے کے والدین کا کہنا ہے کہ لیمبورگینی گاڑیوں کے مالکوں کے فون کا تانتا باندھ گیا ہے اور ہر شخص ان کے بیٹے کو اپنی گاڑی میں ایک چکر دلوانا چاہتا ہے۔

ٹرینڈنگ

مینو