اپوزیشن حکومت مخالف تحریک چلائے گی

محمد عثمان

اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس نے حکومت مخالف ملک گیر احتجاجی تحریک چلانے کا فیصلہ کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان سے فوری استعفے اور شفاف انتخابات کامطالبہ کیا ہے۔

کل جماعتی کانفرنس کے بعد جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پریس کانفرنس کے دوران ایکشن پلان پیش کیا۔ حکومت مخالف تحریک کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اکتوبر اور نومبر میں کراچی، لاہور، کوئٹہ اور پشاور سمیت دیگر بڑے شہروں میں مشترکہ جلسے کئے جائیں گے۔ دسمبر میں دوسرا مرحلہ شروع ہوگا اور صوبائی دارالحکومتوں میں ریلیاں اور مظاہرے کئے جائیں گے، جنوری 2021 میں اسلام آباد کی طرف فیصلہ کن لانگ مارچ کیا جائے گا۔

مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ سلیکٹڈ حکومت کی تبدیلی کیلئے تمام جمہوری ، سیاسی اور آئینی آپشنز استعمال کئے جائیں گے، اس میں عدم اعتماد کی تحاریک اور مناسب وقت پر اسمبلیوں سے اجتماعی استعفوں کا آپشن بھی شامل ہے۔

اپوزیشن کے 4 صفحات پر مشتمل اعلامیئے میں 26 نکات شامل ہیں ، اعلامیئے کے مطابق حکومت سے نجات کیلئے سیاسی جماعتوں کا اتحاد پاکستان ڈیموکریٹ موومنٹ تشکیل دیا گیا ہے۔

کانفرنس میں مطالبہ کیا کہ ریکارڈ توڑ مہنگائی ، آٹے ، چینی ، گھی، بجلی گیس اور پیٹرول کی قیمت کم کی جائے، 73 کے آئین، 18 ویں ترمیم اور موجودہ این ایف سی ایوارڈ پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، پارلیمنٹ کی بالا دستی پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی اور نہ ہی اس پر سمجھوتہ کیا جائے گا۔ ربڑ اسٹیمپ پارلیمنٹ سے اپوزیشن کوئی تعاون نہیں کرے گی۔

اپوزیشن نے مطالبہ کیا کہ شہری آزادی کے منافی غیر آئینی اور غیر قانونی قوانین کالعدم قرار دیئے جائیں ، ایوان کی کارروائی کو بلڈوز کر کے کی گئی قانون سازی واپس لی جائے۔

اعلامیئے میں صدارتی نظام رائج کرنے کے مذموم ارادوں کو مسترد کیا گیا اور کہا گیا کہ سلیکٹڈ حکومت سقوط کشمیر کی ذمہ دار ہے جبکہ اے پی سی نے حکومت کی افغان پالیسی کو ناکام قرار دیا اور اس پر اظہار تشویش کیا۔

کانفرنس میں مطالبہ کیا گیا کہ ٹروتھ کمیشن تشکیل دیا جائے جو 1947 سے اب تک پاکستان کی حقیقی تاریخ کو حتمی شکل دے، میثاق جمہوریت پر نظرثانی کی جائے۔ رہنماوں نے چارٹر آف پاکستان مرتب کرنے کیلئے کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا۔

پیپلزپارٹی کی میزبانی میں بلائی گئی اس اے پی سی میں سابق وزیر اعظم نواز شریف اور سابق صدر آصف زرداری نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ نون لیگ کے صدر شہباز شریف اور بلاول بھٹو زرداری نے بھی خطاب کیا، کانفرنس میں نون لیگ کی رہنما مریم نواز ، جمعیت علمائے اسلام کے مولانا فضل الرحمان، عوامی نیشنل پارٹی ، بی این پی مینگل، بی این پی عوامی اوردیگر جماعتوں کے قائدین نے شرکت کی۔

ٹرینڈنگ

مینو