تین عالمی ادارے ڈیڑھ ارب ڈالر دیں گے

پاکستان نے عالمی بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک اور ایشین انٹرنیشنل انفرا اسٹرکچر بینک کے ساتھ ایک ارب 50 کروڑ ڈالر کے معاہدوں پر دستخط کردیئے۔

معاہدے کے تحت تینوں عالمی مالیاتی ادارے پاکستان کو ڈیڑھ ارب ڈالر فراہم کریں گے، دستخط کرنے کی تقریب اسلام آباد میں ہوئی جس میں وزیراعظم عمران خان اور وزیراقتصادی امور خسرو بختیار بھی موجود تھے۔

وزارت اقتصادی امور کے مطابق یہ رقم پاکستان کو بجٹ سپورٹ پروگرام کے تحت خصوصی رعایتی بنیادوں پر دی گئی ہے، یہ رقم کورونا رسپانس میں استعمال کی جائے گی۔

وزیراعظم عمران خان نے تینوں عالمی اداروں کا مالی تعاون پر شکریہ ادا کیا، خسرو بختیار کا کہنا تھا کہ عالمی اداروں نے مالی امداد دے کر پاکستان کی معاشی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

عالمی بینک ، ایشیائی ترقیاتی بینک اور ایشین انٹرنیشنل انفرا اسٹرکچر بینک کے نمائندوں نے پاکستان کو مستقبل میں بھی تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

ٹرینڈنگ

مینو