ٹرین سروس کی 20 مئی سے جزوی بحالی

وزیراعظم عمران خان نے ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے 20 مئی سے 30 ٹرینیں چلانے کی منظوری دے دی۔ وزیراطلاعات شبلی فراز کہتے ہیں فیصلہ عوام کے اصرار پر کیا گیا ہے۔

وزیر ریلوے شیخ رشید نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ حالات ٹھیک رہے تو یکم جون سے تمام ٹرینیں بحال کردی جائیں گی۔

شیخ رشید نے کہا کہ ٹرینوں میں مسافروں کی تعداد نصف کردی گئی ہے البتہ کرایہ نہیں بڑھایا گیا۔ انھوں نے اپیل کی کہ صرف مسافر ریلوے اسٹیشن آئیں اور ماسک ضرور لگائیں۔

شبلی فراز نے بھی اسلام آباد میں پریس کانفرنس کی ، انھوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے لاک ڈاون کے معاملے پر بہت سیاست کی، اب سپریم کورٹ کا فیصلہ آگیا، اپوزیشن کو اس معاملے پر سیاست نہیں کرنی چاہئے۔

شبلی فراز نے کہا کہ پابندیاں ختم ہوگئی ہیں لیکن وائرس ختم نہیں ہوا ، اس لئے اب عوام کو ایس او پیز پر عمل کرنا ہوگا اور بازاروں میں سماجی فاصلے برقرار رکھنے ہوں گے۔

وزیراطلاعات نے بتایا کہ حکومت ڈنڈا اٹھا کر عوام کو گھروں پر نہیں بٹھاسکتی، ہمیں کورونا کے ساتھ بھوک کا بھی مقابلہ کرنا ہے۔ اسی لئے عید کی چھٹیوں کے دوران بھی انڈسٹری چلانے کی اجازت ہوگی۔

ٹرینڈنگ

مینو