آصف زرداری پر پیر کو فرد جرم عائد ہوگی

احتساب عدالت نے پارک لین ریفرنس خارج کرنے سے متعلق سابق صدر آصف زرداری کی درخواست مسترد کردی۔

آصف زرداری نے عدالتی دائرہ اختیار کے خلاف بھی درخواست دائر کی تھی ، اسلام آباد کی احتساب عدالت نے یہ درخواست بھی مسترد کردی ہے۔ سابق صدر پر پیر کو فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

نیب نے پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کی بریت کیلئے دائر درخواست خارج کرکے فرد جرم عائد کرنے کی اپیل کی، نیب کے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نے کہا کہ دلائل مکمل ہوچکے ہیں ، ملزم تاخیری حربے استعمال کر رہے ہیں ، ایک ماہ فرد جرم موخر کروا کے اب جواب الجواب پر درخواست واپس لے رہے ہیں۔

آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک کا کہنا تھا کہ پارک لین ریفرنس نیب قانون نہیں بلکہ مالیاتی قوانین کا کیس ہے۔

احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے کچھ دیر بعد محفوظ فیصلہ سنایا اور نیب کے دائرہ اختیار کے خلاف آصف زرداری کی درخواست مسترد کردی، آصف زرداری کی ریفرنس خارج کرکے بری کرنے کی درخواست بھی مسترد کر دی گئی۔

ٹرینڈنگ

مینو