عثمان بزدار ڈائنامک وزیراعلیٰ ، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کے خلاف شکایات نظرانداز کردیں، انھوں نے وزیراعلی کو بے خوف کام جاری رکھنے کی ہدایت کردی۔

ایوان وزیراعلی میں ملاقات کے دوران عمران خان  اور عثمان بزدار نے کورونا کے خلاف اقدامات اور آٹا و گندم کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، وزیراعظم نے حکومتی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ پنجاب حکومت نے انسداد کورونا کیلئے بہترین کام کیا۔

وزیراعظم سے ارکان قومی اسمبلی نے بھی ملاقات کی اور اپنے حلقوں کے مسائل سے آگاہ کیا، عمران خان نے رہنماوں کو بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں کرنے کی ہدایت کی۔ رہنماؤں نے شکایت کی کہ وزیراعلی پنجاب صوبائی اسمبلی کے اراکین سے زیادہ اور ارکان قومی اسمبلی سے کم ملتے ہیں، حلقوں کے مسائل اب تک حل نہیں ہوئے اور وہ ترقیاتی اسکیموں سے محروم ہیں۔ وزیراعظم نے وزیراعلی کو تحفظات دور کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ مسائل  فوری حل کئے جائیں۔

قائد اعظم بزنس پارک کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے عثمان بزدار کو ڈائنامک چیف منسٹر قرار دیا ، انھوں نے کہا کہ حکومت 5 سال میں 50 لاکھ گھر بنائے گی۔ قائد اعظم بزنس پارک کیلئے موٹروے کے قریب بہترین جگہ منتخب کی گئی، حکومتی اداروں میں اصلاحات ایک دن کے اندر نہیں ہوتیں، حکومت نے تعمیراتی شعبے میں رکاوٹیں ختم کی ہیں۔

ٹرینڈنگ

مینو