نیب کا شہبازشریف کے گھر چھاپہ، ویڈیو

وزیر ریلوے شیخ رشید کی پیش گوئی درست ثابت ہونے لگی ، نیب نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا۔ نون لیگی رہنما رانا ثنا اللہ کہتے ہیں کہ پارٹی صدر درخواست ضمانت کی سماعت کے موقع پر آج ہائی کورٹ میں پیش ہوں گے۔

نیب لاہور کی ٹیم آمدن سے زائد اثاثہ جات اور مبینہ منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف کو گرفتار کرنے کیلئے ماڈل ٹاون پہنچی، اہلکار تقریبا ڈیڑھ گھنٹہ وہاں رہے لیکن شہبازشریف رہائش گاہ میں موجود نہیں تھے۔

نیب ٹیم کی آمد سے پہلے پورے علاقے کو بند کردیا گیا تھا اور پولیس اہلکار تعینات کردیئے گئے تھے۔

نون لیگ کی رہنما مریم اورنگزیب نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ قوم نیب اور عمران خان نیازی کے گٹھ جوڑ سے واقف ہے، نیب ٹیم شہبازشریف کو پکڑنے آئی ہے تو قوم عمران خان کو گرفتار کرنے بنی گالہ جائے گی۔

لیگی رہنما عطا تارڑ نے کہا کہ نیب نے 28 مئی کا دستخط شدہ وارنٹ گرفتاری دکھایا۔ نیب میں تحریری جواب جمع کرایا گیا اور بتایا گیا کہ ہم ویڈیو لنک پر موجود ہیں۔ رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ انھیں معلوم نہیں شہبازشریف کہاں ہیں لیکن وہ عدالت میں پیش ہوں گے۔

ٹرینڈنگ

مینو