وزیراعظم کو ہٹلر نہیں بننے دیں گے، نون لیگ

مسلم لیگ نون نے کہا ہے کہ فنانشنل ایکشن ٹاسک فورس کے نام پر عمران خان کو ہٹلر نہیں بننے دیا جائے گا۔

نارووال اسپورٹس سٹی ریفرنس میں پیشی کے موقع پر اسلام آباد کی احتساب عدالت کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے نون لیگ کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے کہا کہ ایک سال ہو گیا لیکن نیب ان کے خلاف ریفرنس دائر نہیں کر سکا، انھیں گرفتار کیا گیا، جیل میں بھی رکھا گیا لیکن کچھ ثابت نہ ہوسکا۔

احسن اقبال نے وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار پر چوٹ کی اور سوال کیا کہ کیا شراب کا پرمٹ دینا ٹھیک ہے لیکن کھیلوں کا انفرااسٹرکچر تعمیر کرنا کرپشن ہے؟ اپوزیشن عمران خان سے این آر او نہیں مانگ رہی، جہانگیر ترین کو فرار کراکے آپ نے این آر او دے دیا تھا۔

گزشتہ روز سینیٹ سے مسترد بلوں کے بارے میں احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ایف اے ٹی ایف کے نام پر پاکستان کو فاشسٹ ریاست اور عمران خان کو پاکستان کا ہٹلر نہیں بننے دیں گے۔

یاد رہے کہ سینیٹ نے گزشتہ روز ایف اے ٹی ایف سے متعلقہ اینٹی منی لانڈرنگ ترمیمی بل 2020 اور متروکہ وقف املاک بل 2020 کثرت رائے سے مسترد کردیا تھا۔

ٹرینڈنگ

مینو