ادارے بکے تو برسر اقتدار آکر واپس لیں گے

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے خبردار کیا ہے کہ ریاستی ادارے خریدنے والے جان لیں پیپلزپارٹی برسراقتدار آکر فروخت کے فیصلے کالعدم قرار دیدے گی جبکہ نون لیگ کے رہنما خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات سے باہر نکلنے کیلئے مائنس ون ہونا چاہئے۔

لاہور میں پارٹی رہنماوں سے ویڈیو لنک کے ذریعے ملاقات اور پی آئی اے کی سی بی اے یونین کے عہدیداروں سے بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ قومی اثاثے قوم کی ملکیت ہیں، قوم اپنی ملکیت کا تحفظ کرے گی۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ عمران خان قوم کیلئے ناقابل برداشت ہوچکے ہیں۔ پیپلزپارٹی اقتدار میں آکر ریاستی اداروں کے مزدوروں کو نہ صرف دوبارہ شیئرز دے گی بلکہ ان میں اضافہ بھی کیا جائے گا۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ سول ایوی ایشن یونٹی سیکشن 29 کو کسی صورت قبول نہیں کرے گی ، عمران خان کراچی، لاہور اور اسلام آباد کے ایئرپورٹس بیچنا چاہت ہیں، پیپلزپارٹی دوستوں کو نوازنے نہیں دے گی۔ ایئر پورٹس سیکیورٹی ادارے بھی استعمال کرتے ہیں، ان کی فروخت سے سیکیورٹی داؤپر لگ جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے اپنی نااہلی کے باعث پی آئی اے کی پروازوں پر عالمی پابندی لگوادی، عمران خان کا ایجنڈا ملک کی تباہی ہے۔

پیپلزپارٹی ہی نہیں اپوزیشن کی بڑی جماعت نون لیگ بھی مائنس عمران فارمولے پر زور دے رہی ہے، لیگی رہنما خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ مائنس عمران خان کا مطالبہ غیر جمہوری نہیں۔

خواجہ آصف نے ایک انٹرویو میں کہا کہ عمران خان کی ساکھ ختم ہوچکی ہے۔ نون لیگ کسی بیرونی قوت سے عمران خان کو ہٹانے کا مطالبہ نہیں کررہی بلکہ پی ٹی آئی سے کہہ رہی ہے کہ متبادل قیادت لے آئے۔

ٹرینڈنگ

مینو