دولت مشترکہ غلطیاں تسلیم کرے، ہیری

شہزادہ ہیری نے کہا ہے کہ دولت مشترکہ کو اپنی تاریخ تسلیم کرنی چاہئے چاہے وہ تکلیف دہ ہی کیوں نہ ہو۔

35 برس کے ڈیوک آف سسیکس نے یہ بات اپنی اہلیہ میگھن مارکل کی موجودگی میں دولت مشترکہ ٹرسٹ کی ویڈیو کال کے دوران کہی، وہ نوجوان رہنماؤں سے بات کر رہے تھے۔

انصاف اور مساوی حقوق کے موضوع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ہیری نے کہا کہ دولت مشترکہ ان کی پیروی کرے جنھوں نے اپنا ماضی تسلیم کیا اور غلطیاں درست کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اب بھی بہت کچھ کیا جانا باقی ہے۔

لاس اینجلس میں اپنے گھر سے گفتگو کرتے ہوئے میگھن مارکل نے کہا کہ لوگوں کو اپنی غلطیاں تسلیم کرلینی چاہئیں۔ ہیری بولے آگے بڑھنے کیلئے ماضی کو تسلیم کرنا ہوگا۔

ہیری کا یہ بیان برطانوی سلطنت پر طنز سمجھا جا رہا ہے ، وہ سلطنت جس پر ان کے آباو اجداد نے حکومت کی اور دولت مشترکہ کی بنیاد رکھی، ملکہ برطانیہ اس وقت دولت مشترکہ کی سربراہ ہیں۔ اس بیان کو شاہی خاندان کے خلاف بھی تصور کیا جارہا ہے۔

ٹوری پارٹی کے رکن پارلیمنٹ اینڈریو روسینڈل نے شہزادہ ہیری کے بیان کو مایوس کن قرار دیا ہے ، ان کا کہنا ہے کہ ملکہ اس سے خوش نہیں ہوں گی۔ شاہی خاندان چھوڑنے والوں کو سیاست نہیں اپنی زندگی پر توجہ دینی چاہئے۔

ٹرینڈنگ

مینو