ادویات مہنگی ، حکومت نے گھٹنے ٹیک دیئے

حکومت نے جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی منفرد توجیح پیش کردی ہے، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا ہے کہ مارکیٹ سے غائب ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا۔

حکومت نے ایک بار پھر ادویات بنانے والی کمپنیوں کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے، ڈاکٹر فیصل سلطان نے قیمتوں میں اضافے کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ مارکیٹ سے غائب دواؤں کی قیمتوں میں اضافہ ہونا چاہئے تھا۔

انھوں نے بتایا کہ سستی لائف سیونگ اور پرانے فارمولے پر بنی دواؤں کی قیمتوں میں مناسب اضافہ نہ ہونے کے باعث یہ دستیاب نہیں ہوتیں اور بلیک میں ملنے لگتی ہیں، مصنوعی طریقے سے مہنگی کی گئی ادویات اب لوگوں کو مناسب قیمت میں دستیاب ہیں۔

معاون خصوصی برائے صحت نے بتایا کہ حکومت اور ڈریپ کا کام دواؤں کی دستیابی کو یقینی بنانا بھی ہے۔ دواؤں کی قیمت اتنی بڑھائی گئی ہیں کہ لوگوں کی پہنچ میں رہیں، حکومت دوا ساز کمپنیوں کے دباو میں نہیں آئی۔

انھوں نے بتایا کہ نئی پرائسنگ پالیسی پر کام جاری ہے۔ ادویات  کی قیمتوں کی لسٹ ویب سائٹ پر لگائی جائے گئی جبکہ صحت سے متعلق اداروں میں بھی اصلاحات لائی جارہی ہیں۔

ٹرینڈنگ

مینو