حکومت کالا قانون لارہی تھی، احسن اقبال

اسرار خان

مسلم لیگ نون کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ فیٹف کے نام پر چوری کی کوشش پکڑی گئی، حکومت ملک پر کالا قانون مسلط کرنے والی تھی۔

لاہور میں نیوز کانفرنس کے دوران احسن اقبال نے کہا کہ حکومت کالا قانون لانا چاہتی تھی ، اس کے تحت کسی کو بھی 6 ماہ کیلئے بند کیا جاسکتا تھا، اپوزیشن حکومت کی چوری کو عالمی برداری کے سامنے رکھے گی، فیٹف قانون میں عوام کے حقوق پر ڈاکا ڈالا جارہا تھا، حکومت ہر قانون نوازشریف اور اسحاق ڈار کو مدنظر رکھ کر بناتی ہے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ حکومت پگڑیاں اچھال کر اپنی ناکامیوں پر پردہ نہیں ڈال سکتی، وزیراعظم سے کارکردگی کا پوچھو تو این آر او کا شور مچانا شروع کردیا جاتا ہے۔

نون لیگی رہنما نے پی ٹی آئی حکومت کو تمام شعبوں میں ناکام قرار دیا اور کہا کہ مہنگائی کے باعث عوام کی چیخیں نکل رہی ہیں، عوام کو جینے کا حق دیا جائے اور نوجوانوں کو این آر او دیں جن کا مستقبل تاریک ہوگیا ہے۔

احسن اقبال نے مطالبہ کیا کہ نیب قوانین بنیادی انسانی حقوق کو مدنظر رکھ کر بنائی جائیں۔

ٹرینڈنگ

مینو