کپتان لمبی اننگز کھیلنے کیلئے تیار ، اسد عمر

وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ کپتان کریز پر سیٹ ہوگئے اور لمبی اننگز کھیلنے کیلئے تیار ہیں، یہ اپوزیشن کیلئے بری خبر ہے۔

پی ٹی آئی حکومت کے 2 سال مکمل ہونے پر وفاقی وزرا شاہ محمود قریشی، حماد اظہر ، اسد عمر ، شبلی فراز ، مشیر خزانہ حفیظ شیخ اور معاون خصوصی ثانیہ نشتر نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کی۔ وزیراطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ عوام نے سیاست کو پیشہ بنانے والوں کو مسترد کردیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سفارتی کامیابیاں بیان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ملک کا موثر بیانیہ پیش کرنے کی کوشش کی، بھارت پاکستان کو سفارتی تنہائی سے دوچار کرنا چاہتا ہے، عمران خان نے مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اٹھایا ، دنیا نے مقبوضہ کشمیر پر پاکستان کا موقف تسلیم کیا۔ آج دنیا افغانستان میں امن کا سہرا بھی پاکستان کو دے رہی ہے۔

مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے اقتصادی صورتحال بتائی اور کہا کہ بیرونی خسارہ 20 ارب ڈالرز سے کم کرکے 3 ارب ڈالرز کر دیا گیا ، حکومت نے ماضی کے قرضوں کا بوجھ کم کیا اور 5 ہزار ارب روپے واپس کئے، عالمی سطح پر بھی پاکستان کی اقتصادی کامیابیوں کا اعتراف کیا جارہا ہے۔

وزیر صنعت و پیداوار حماد اظہر نے کہا کہ حکومت نے کفایت شعاری اپنائی اور مختلف اداروں کو ایک دوسرے میں ضم کیا گیا ، اسمگل شدہ فون ختم کئے گئے اور ٹیکسز کی شرح کم کی گئی۔

اسد عمر نے بتایا کہ عمران خان کسی کو ساتھ چلنے کیلئے این آر او نہیں دے سکتے، وہ ملکی مفاد کیلئے ساتھ چلنے کی بات کرتے ہیں۔ کامیاب پالیسیوں کے باعث کورونا پر قابو پایا گیا۔

ٹرینڈنگ

مینو